اتوار 23  ستمبر 2018ء
اتوار 23  ستمبر 2018ء

فیس بک فرینڈ کو گھر بلا کر قتل

انڈیا کے شہر ممبئی میں پولیس نے ایک شخص کو اپنی ایک فیس بک فرینڈ خاتون کو گھر بلا کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق 25 سالہ ہریداس نرگود نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس نے خاتون کو اس لیے قتل کیا کیونکہ اس نے ملزم سے ہم بستری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے منتظر ہیں تاکہ اس بات کا تعین ہو سکے کہ کیا خاتون کو ریپ کیا گیا تھا یا نہیں؟ پولیس کو شک ہے کہ خاتون کو گلہ گھونٹ کر مارا گیا۔ پولیس نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ یہ خاتون ملزم سے ملنے ان کی گھر گئی تھی اور خاتون نے حال ہی میں ملزم سے فیس بک پر دوستی کی تھی۔ ہریداس نرگود کے ہمسائیوں کا کہنا ہے کہ انھیں خاتون کی لاش ہریداس کے اپارٹمنٹ کے باہر ملی اور انھوں نے پولیس کو مطلع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس سے قبل خاتون کو اپارٹمنٹ میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا تھا۔ ہریداس نرگود کے مکان کی تلاشی پر خاتون کا موبائل فون اور ان کا بیگ برآمد ہوا۔ انڈیا میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات قدرے عام ہیں۔ 2012 میں دلی میں ایک لڑکی کے چلتی ہوئی بس پر ریپ اور قتل کیے جانے کے بعد ملک میں اس حوالے سے قوانین سخت تر کیے گئے ہیں۔