پیر 19 نومبر 2018ء
پیر 19 نومبر 2018ء

امریکی سفارتی اہلکار کو امریکہ لے جانے کی کوشش ناکام

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے عتیق نامی نوجوان کو کچل کر جاں بحق کرنے والے امریکی ایئر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف کو لینے کو امریکا منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔امریکی فضائیہ کا خصوصی سی 130 طیارہ امریکی سفارت خانے میں تعینات ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو لے جانے کے لیے نور خان ایئر بیس راولپنڈی پر کئی گھنٹے تک موجود رہا۔ تاہم پاکستانی حکام نے کرنل جوزف کو طیارے میں سوار ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ امریکی طیارہ کئی گھنٹے تک انتظار کے بعد باالآخر کرنل جوزف کو لیے بغیر واپس روانہ ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کرنل جوزف کی روانگی کو روکنے کے لیے اسے بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتا تھا۔ ایف آئی اے نے کرنل جوزف کی امیگریشن کلیئرنس کے لیے وزارت خارجہ سے خصوصی اجازت نامہ مانگا تاہم دفتر خارجہ کے حکام نے امریکی ملٹری اتاشی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد امریکی فضائیہ کا طیارہ سفارت خانے کے دوسرا عملہ اور سامان لے کر روانہ ہوگیا اور کرنل جوزف کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے واپس بھجوادیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرنل جوزف نے اسلام آباد میں گاڑی سے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ نوجوان کے باپ نے انصاف کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔