بدھ 21 نومبر 2018ء
بدھ 21 نومبر 2018ء

حکومت آزاد کشمیر کالائن آف کنٹرول سے آبادی کو منتقل کرنے کا فیصلہ

 اسلام آباد(صباح نیوز) آزاد کشمیر حکومت نے بھارتی فوج کی حالیہ اشتعال انگیزیوں سے شہریوں کے جانی نقصان کے پیش نظر کنٹرول لائن کے ساتھ مقیم آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے انخلا کا منصوبہ تیار کیا ہے۔آزاد کشمیر حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ نہ رکنے کے باعث کیا گیا ۔ اس ضمن میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ضلعی انتظامیہ اور ایل او سی سے ملحقہ علاقوں کے مقامی حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ہزاروں افراد کو محفوظ علاقوں میں آباد کرنے کے حوالے سے ضروری انتظامات کریں جن کی زندگیوں کو براہ راست خطرہ لاحق ہے ۔ذرائع کے مطابق کنٹرول لائن پر کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں انخلا کے منصوبے پرعملدر آمد شروع ہو جائے گا۔ ابتدائی طور پر بھارتی فائرنگ سے براہ راست متاثر ہونے والے دیہات کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا اور اگر جنگ بندیوں کی خلاف ورزیاں نہ رکیں تو انخلا کی سرگرمیوں کا دائرہ سیکٹر کی سطح تک بڑھادیا جائے گا۔واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی فائرنگ میں اضافہ ہوا ہے اور متعدد شہری اس فائرنگ کا نشانہ بنے ہیں ۔ایل او سی کے قریب تعلیمی ادارے بند ہیں اور کئی خاندان پہلے ہی اپنے رشتے داروں کے ہاں منتقل ہو چکے ہیں ۔