بدھ 21 نومبر 2018ء
بدھ 21 نومبر 2018ء

متاثرین لائن آف کنٹرول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،سینیٹر سراج الحق

راولاکوٹ( دھرتی نیوز) جماعت اسلامی کے امیر اورسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر آزادی کے لیے برسرپیکار کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ پاکستان کے 20کروڑ عوام ان کے پشت پر ہیں ،نریندر مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں وہ مستند دہشت گرد ہے ،کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب ہے ،متاثرین لائن آف کنٹرول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے پوری قوم ان کے ساتھ ہے ،سیز فائر لائن کے متاثرین کی استقامت جرات اور بہادری کو سلام کرنے آیا ہوں ،شہداءکے لواحقین کے لیے سہولیات فراہم کرنا حکومت کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے ،یہاں بہنے والا خون ہمارا خون ہے یہاں کے لوگوں اور افواج پاکستان کی وجہ سے پاکستانی قوم سکون کی نیند سوتی ہے ،ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کے جوان بلند حوصلہ ہیں ضرورت پڑنے پر پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی کشمیر کی آزادی ہندوستان کے نقشے کو تبدیل کر دے گی ،ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیاد ی حق فراہم کرے ،عالمی برادری بھارتی جارحیت اور قتل عام کا نوٹس لے،نریندر مودی اسرائیل سے مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے اسرائیلی فوجی کشمیر میں لڑرہے ہیں اور بھارتی فوجی فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام کررہے ہیں، ہندوستان سازش کے تحت پاکستان کی طرف بہنے والے دریاﺅں پر ڈیمز تعمیر کر کے پانی روکنا چاہتا ہے اور پاکستان کو بنجر صحرا میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ہندوستان کی ان چالوں کا بھی مقابلہ کرنا ہو گا ہندوستان پاکستان میں بھی دہشت گردی کروا کر یہاں عدم استحکام پیدا کررہا ہے حکومت پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کر کے ہندوستان کو بے نقاب کرے ، کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے اب اس تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے مرکزی حکومت ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی تشکیل دے کشمیر پر ایسی پالیسی تشکیل دی جائی جو مستقل ہو حکومت جو بھی ہو وہ اسی پالیسی کو لے کر چلے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک مستقل نائب وزیر خارجہ کا تقررکیا جائے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اہم ممالک کے دارالحکومتوں کے دورے کیے جائیں پاکستانی سفارت خانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کیا جائے،ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹر ز کے ہمراہ سیز فائر لائن کے دورے کے دوران ،جماعت اسلامی راولاکوٹ کے طرف سے اپنے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود، ضلعی امیر سردار سجاد انور سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ، اس تقریب میں جماعت اسلامی کے مرکزی ، ضلعی ، تحصیل ، یونین کونسلوں اوروارڈز کے عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حوصلہ افزائی اور تحریک آزادی کی پشتیبانی کا حق ادا کیا ہے امیر جماعت اسلامی ہماری اور متاثرین سیز فائر لائن کی حوصلہ افزائی کے لیے تشریف لائے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔