پیر 19 نومبر 2018ء
پیر 19 نومبر 2018ء

قائد ملت کے ایچ خورشید کی سیاسی وسماجی خدمات کا ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

مظفرآباد(دھرتی نیوز)آزادجموں وکشمیرکے صدر سردار مسعود خان، وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ قائد ملت کے ایچ خورشید عظیم رہنماءتھے جنہوں نے اپنی زندگی کشمیر کاز کے لئے وقف کر دی تھی۔ کے ایچ خورشید بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے معتمد خاص تھے جن پر حضرت قائداعظم کو بھرپور اعتماد تھا۔آزادکشمیر میں جمہوریت کے فروغ، عوام کے حق حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے کے ایچ خورشید کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔صدر ریاست ،وزیراعظم اور وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار سابق صدر،قائد ملت کے ایچ خورشید کی برسی پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر سردار مسعود خان نے عظیم کشمیری رہنماءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ وہ ایک اصول پسند جمہوری شخصیت تھے جن کا مطمع نظر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور تمام ریاست کا پاکستان سے الحاق تھا۔انہوں نے کہا کہ جناب کے ایچ خورشید کا تحریک پاکستان میں انتہائی کلیدی کردار ہے جو بانی پاکستان کے قریب ترین ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کے ایچ خورشید کی جمہوریت کے لئے اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے کی گئی جدوجہد کو یاد رکھتے ہوے نئی نسل کو ان سے روشناس کرانا ہے۔وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سابق صدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ وہ ایک نڈر ،بے باک اور حق بات پر ڈٹ جانے والے لیڈر تھے۔انہوں نے کہا کہ حضرت قائداعظم نے اپنے دورہ سرینگر کے دوران جناب کے ایچ خورشید کا انتخاب کیا اور پھر انہوں نے اپنی محنت اور دن رات کام کے ذریعے قائد کو اپنے انتخاب کا حق ادا کر کے دکھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد میں جناب کےایچ خورشید پیش پیش رہے اور انہوں نے مادر ملت محترمہ۔فاطمہ جناح کی الیکشن کمپین کو لیڈ کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کو ووٹ کا حق دلانے میں کے ایچ خورشید کا اہم کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے نئی نسل سے کہا کہ وہ کے ایچ خورشید کی حیات زندگی کا مطالعہ کریں اور اس سے رہنمائی حاصل کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ۔کے ایچ خورشید نے کشمیر اور پاکستان کے تعلق کو مضبوط بنایا وہ پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظرئے کے بانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی راست گوئی اور ایمانداری کی اس سے بڑی کیا مثال ہے کہ آزاد ریاست کا صدر رہنے والا عظیم رہنماءایک مسافر کوچ میں سفر کرتا ہوا دار فانی سے رخصت ہوا اور ان کی جیب میں فقط 37 روپے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کا اعلی کردار تھا جس کی بناءپر کشمیری۔قوم انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس نے سابق صدر اور عظیم کشمیری رہنماءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ جناب کے ایچ خورشید کی زندگی حقیقی جمہوری سوچ کی عکاس تھی۔ انہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور اپنی جدوجہد میں کبھی نفع نقصان کی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مادر ملت نے انہیں اعلی تعلیم کے لئے بیرون ملک۔بھیجا،وہ صدر ریاست بنے مگر جب مادر ملت محترمہ۔فاطمہ جناح میدان سیاست میں آئیں تو انہوں نے صدارت کی پرواہ کئے بغیر مادر ملت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور کھل کر محترمہ فاطمی جناح کے شانہ بشںانہ رہے۔وزیر اطلاعات نے آزادکشمیر میں جمہوری روایات کے احیائ کےلئے کے ایچ خورشید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ جمہوری قدروں کے امین عظیم کشمیری رہنماءتھے۔