جمعرات 16  ستمبر 2021ء
جمعرات 16  ستمبر 2021ء

آزاد کشمیر کی جامعات بہترین درسگائیں ہیں،صدر آزاد کشمیر

کوٹلی ( دھرتی نیوز)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی جامعات طلباء و طالبات کو بہترین تعلیم سے آراستہ کر رہی ہیں اور اِن کا معیار مملکت پاکستان کی دیگر بڑی اور قدیم جامعات سے کم نہیں۔ حال ہی میں یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر پاکستان بھر کی جامعات میں رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آئی ہے۔ یونیورسٹی آف کوٹلی نے انتہائی قلیل وقت میں بے پناہ ترقی کی ہے۔ جامعہ کے وائس چانسلر کو ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان سے اربوں کے پراجیکٹ لانے پر اور اپنے اکیڈمک سٹاف کو زیادہ سے زیادہ ریسرچ اور تحقیق سے بہرہ مند کروانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔  ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یونیورسٹی آف کوٹلی میں نو تعمیر شدہ اسٹونٹس ٹیچرز سروس سنٹر کے نئے بلاک کے افتتاح اور اکیڈمک بلاک کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسٹونٹس ٹیچرز سروس سنٹر 34.5 ملین کی رقم سے تعمیر کیے گئے جبکہ نئے اکیڈمک بلاک کی تعمیر پر 1040 ملین روپے کی خطیر رقم خرچ ہو گی جو ہائیر ایجوکیشن کمیشن مہیا کر رہا ہے۔ تقریب سے جامعہ کے وائس چانسلر سید دلنواز گردیزی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جامعہ کوٹلی وادیوں کے درمیان میں واقع ہے اور یہاں کی زمین انتہائی زرخیر اوریہاں پانی کی فراوانی ہے۔ یہاں بے شمار چشمے اُبل رہے ہیں اس لحاظ سے اہل کوٹلی اور آپ خوش قسمت ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کوٹلی کے لوگوں نے تحریک آزادی جموں و کشمیر کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور مورخ جب بھی تحریک آزادی کی تاریخ لکھے گا تو اہل کوٹلی کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ جامعہ کوٹلی وادی کی گود میں واقع ہے جو بہت تیزی کے ساتھ تدریسی اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے اپنی منازل طے کر رہی ہے۔ اس جامعہ کے طلباء میں زیور تعلیم سے آراستہ ہونے اور آگے بڑھنے کا بے پناہ جذبہ موجود ہے جو ترقی کے لیے بنیاد شرط کا درجہ رکھتا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ دنیا بھر کی نامور جامعات میں گئے ہیں اکسفورڈ، ہارورڈ،یونیورسٹی آف کولمبیا سمیت دنیا کی دیگر درجنوں جامعات میں جانے کا اتفاق ہو ا ان ترقی یافتہ جامعات میں بھی طلباء اور اساتذہ کے مسائل ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کوٹلی جامعہ کے طلباء بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ چند سال پہلے اس یونیورسٹی میں آئے تھے اور یہاں کے سائنس کے طلبا ء نے خود چھوٹے چھوٹے ڈرون بنائے تھے جن کی پرواز اور کام کا خود مشاہدہ کیا تھا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جو جنون اُنہوں نے کوٹلی جامعات کے طلباء میں دیکھا ہے وہ اُنہیں کہیں نظر نہیں آیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ طلباء نہ صرف کوٹلی بلکہ پورے آزادکشمیر اور پاکستان کا نام بھی روشن کریں گے۔   

آج کااخبار

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

کالم