بدھ 01 دسمبر 2021ء
بدھ 01 دسمبر 2021ء

سردارعبدالقیوم نیازی13ویں وزیر اعظم منتخب

 مظفر آباد(پی آئی ڈی،صباح نیوز،دھرتی نیوز)ضلع پونچھ کے حلقہ ہجیرہ سے تعلق رکھنے والے ممبر اسمبلی سردارعبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب میں انہوں نے اپنے مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی  اور ن لیگ کے مشترکہ امیدوار  چوہدری لطیف اکبر کے مقابلے میں 33 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ چوہدری لطیف اکبر نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے بدھ کے روز حیران کن  طور پر بیرسٹر سلطان محمود، معروف سرمایہ کار سردار تنویر الیاس  اور اظہر صادق کے بجائے سردارعبدالقیوم نیازی کو  وزیر اعظم نامزد کیا تھا۔ آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی  کے  حلقہ ایل اے 18، عباس پور سے منتخب رکن اسمبلی عبدالقیوم نیازی کی نامزدگی غیر متوقع طور پر اس الیکشن سے چند گھنٹے قبل سامنے آئی ہے۔اس سے قبل  قیاس آرائی کی جارہی تھی وزارت عظمی کے لیے بیرسٹر سلطان محمود اور معروف سرمایہ کار سردار تنویر الیاس  فیورٹ ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ان دونوں امیدواروں کے علاوہ پی ٹی آئی کے کئی رہنماں اور نو منتخب اراکین اسمبلی کے انٹرویو کیے، جن میں عبدالقیوم نیازی بھی شامل تھے۔بیرسٹر سلطان اور تنویر الیاس کے علاوہ جن ممبران کے نام متوقع وزیر اعظم کے طور پرسامنے آئے تھے وہ ایل اے ون ڈڈیال سے منتخب رکن اسمبلی اظہر صادق  اور مظفراباد سے خواجہ فاروق تھے۔ ان کا تعلق پاکستان کی چند اہم شخصیات سے بتایا جا رہا تھا۔ تاہم تمام تر اندازوں کے برعکس عبدالقیوم نیازی نامزد ہو گئے۔پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ طویل مشاورت کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے نو منتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزادکشمیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ قیوم نیازی ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں، جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔حالیہ الیکشن کی مہم کے دوران باغ میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے عبدالقیوم نیازی کے متعلق حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیازی یہاں کیسے آ گیا ہے، میں بڑا حیران ہوا ہوں۔ پھر مسکراتے ہوئے کہا ویسے ہم نیازی ساری جگہ پھیل گئے ہیں۔وزیراعظم پاکستان کے اس بیان کے بعد یہ تاثر ملا تھا کہ عبدالقیوم کا تعلق عمران خان کے قبیلے سے ہے۔ یاد رہے آزادکشمیر کے 53 رکنی ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کو 32 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل ہے اور اسے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے ایک رکن کی بھی حمایت حاصل ہے۔ 62 سالہ سردارعبدالقیوم نیازی پونچھ ڈویژن میں واقع علاقے عباس پور کے ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ درہ شیر خان نامی گاوں میں 1959 میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان 1947 میں مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے لائن آف کنٹرول کے اس جانب آیا تھا۔ ان کا گاوں درہ شیر خان لائن آف کنٹرول کے ساتھ متصل ہے اور اکثر کراس بارڈر فائرنگ کی زد میں رہتا ہے۔ ایک پورٹل کی رپورٹ کے مطابق  62 سالہ سردارعبدالقیوم نیازی کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور کے دولی خاندان سے ہے۔یہ خاندان مغل قوم کی ذیلی شاخ ہے۔ نیازی ان کا تخلص ہے جس سے ایک دلچسپ کہانی جڑی ہے۔90 کی دہائی کے اوائل میں سردار عبدالقیوم نیازی پونچھ کی ضلع کونسل کے ممبر تھے اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عبدالقیوم خان آزاد کشمیر کے وزیر اعظم تھے۔دونوں کا نام یکساں ہونے کی وجہ سے ان کے اخباری بیانات اور سرکاری احکامات میں تمیز مشکل ہو جاتی تھی اور ضلع پونچھ کی انتظامیہ کئی مرتبہ ضلع کونسل کے رکن کے احکامات کو وزیر اعظم کے احکامات سمجھ کر ان پر عملدرآمد کر دیتی۔اس پر سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نے انہیں اپنے نام کے ساتھ کوئی دوسرا نام منسلک کرنے کی تجویز دی اور یوں انہوں نے اپنے نام کے ساتھ نیاز مندی کے طور پر نیازی لکھنا شروع کر دیا۔واضح رہے کہ نیازی ان کا خاندانی نام نہیں اور نہ ہی ان کے خاندان میں کوئی دوسرا شخص اپنے نام کے ساتھ نیازی لکھتا ہے۔ضلع کونسل کے رکن رہنے کے علاوہ سردار عبدالقیوم نیازی 2006 سے 2008 تک مسلم کانفرنس کی حکومت میں وزیر خوراک اور بعد ازاں 2010 سے 2011 تک سردار عتیق کی دوسری کابینہ میں وزیر جنگلات بھی رہ چکے ہیں۔2011 اور 2016 کے انتخابات میں حصہ لیا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے سے قبل ان کا خاندان ہمیشہ سے مسلم کانفرنس میں رہا۔عبدالقیوم نیازی نے چار مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا اور دو مرتبہ کامیاب ہوئے۔2001 کے انتخابات میں مسلم کانفرنس کا ٹکٹ نہ ملنے پر ان کے خاندان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سرادر اصغر آفندی کی حمایت کی تھی۔وہ دو سال پہلے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور مرکزی جائنٹ سیکرٹری مقرر ہوئے۔حالیہ انتخابات سے قبل وہ ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے بنائے گئے پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ میں بھی شامل تھے۔ سردار عبد القیوم نیازی کے بڑے بھائی سردار غلام مصطفیٰ دو بار آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر اور وزیر رہ چکے ہیں۔ سردار عبد القیوم نیازی کے ایک چھوٹے بھائی سردار حبیب ضیاء سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے منجھے ہوئے وکیل ہیں۔ آپ کے تیسرے بھائی امریکا میں مقیم ہیں۔سردار عبد القیوم نیازی کا ایک بیٹا برطانیہ میں کونسلر ہے۔عبدالقیوم نیازی کے وزیر اعظم بننے پر راولاکوٹ،ہجیرہ،آبائی گاوں درہ شیر خان میں جشن منایا گیا۔  

آج کااخبار

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

کالم