جمعه 21  ستمبر 2018ء
جمعه 21  ستمبر 2018ء

بن بیک میں خوفناک آتشزدگی سے نصف بازار جل کر خاکستر

بن بیک ،راولاکوٹ (دھرتی نیوز) راولاکوٹ کے نواحی گاﺅں یونین کونسل پکھر کے مرکزی بازار بن بیک میں خوفناک آتشزدگی سے نصف بازار جل کر خاکستر ہو گیا ، آتشزدگی سے 35کے لگ بھگ دکانیں ، ایک قیمتی گاڑی ، درجن بھر موٹر سائیکل مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن گئے ، یہ واقعہ گزشتہ روز بدھ کی صبح پیش آیا ، مبینہ طور پر آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ، آتشزدگی کے باعث ایک پرائیویٹ سکول ،تولی پیر ویو گیسٹ ہاﺅس ، کشمیر بنک کی برانچ کو بھی شدید نقصان پہنچا، ، اطلاع ملنے پر مقامی لوگوں کی بڑی موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ، اسی اثناءپر میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کا فائربریگیڈ یونٹ موقع پر پہنچ گیا اور باقی بازار آگ سے بچالیا ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن بھی عملہ کے ہمراہ پر پہنچے جبکہ کمشنر پونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل، دیگر انتظامی افسران، پولیس سمیت دیگر حکام بھی موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ، دریں اثناءسابق صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان ، تنظیم الاعوان آزادکشمیر کے مرکزی چیئر مین قاضی صابر اعون، زونل چیف کشمیر بنک امتیاز شاہین ، پی واءکے مرکزی سیکرٹری جنرل ببرک خان اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما بھی موقع پر پہنچے ، اس موقع پر سردار یعقوب خان اور قاضی صابر اعوان نے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرین کو ریلیف فراہم کرے اور ان کے نقصانات کا درست تخمینہ لگا کر ان کی داد رسی کی جائے ۔ اس موقع پر متاثرہ سرمایہ کار ، مسلم لیگ ن کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل محمد کلیم اعوان اور دیگر متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کو فوری جدید سہولیات سے آراستہ فائر بریگیڈ یونٹ فراہم کیا جائے اگر کارپوریشن کے پاس جدید گاڑی ہوتی تو نقصانات کو بڑی حد تک کم کیا جاسکتا تھا ، میونسپل کارپوریشن کی ایک ہی گاڑی جائے وقوعہ پر پہنچ سکی جبکہ ایک گاڑی بن بیک بازار تک نہ پہنچ سکی ، متاثرین نے میونسپل کارپوریشن سمیت ان تمام انتظامی افسران ، سیاسی وسماجی زعماءکرام کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ وہ بروقت متاثرین کی مدد ارو اظہار ہمدردی کیلئے پہنچے جو قابل ستائش امر ہے۔