آزادکشمیرکے سینئر ترین سیاستدان سردار محمد سیاب خالد ایڈووکیٹ انتقال کر گے

پانیولہ(دھرتی نیوز )آزادکشمیرکے سینئر ترین سیاستدان سابق وزیر حکومت، سپیکر قانون ساز اسمبلی اور موجودہ ممبر آزادجموں و کشمیر کونسل سردار محمد سیاب خالد ایڈووکیٹ انتقال کر گے۔ وہ 26 مارچ 1940 کو نواحی گاوں چیروٹی پاچھیوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں سے حاصل کی میٹرک کا امتحان ہائی سکول بوسہ گلہ انٹر ڈگری کالج راولاکوٹ بی اے کا امتحان میر پور سے جبکہ ایل ایل بی کا امتحان پشاور یونیورسٹی سے پاس کیا زمانہ طالب علمی سے ہی ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے طلبہ سیاست کا حصہ رہے۔1964 میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے سیاست کا آغازکیا۔وہ 1985 سے 1990 اور 1991 سے 1996 تک بطور ٹیکنوکریٹ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔2001ء میں آزادجموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر کے عہدہ پر فائز ہوئے، بعد ازاں 2011 میں ضمنی انتخابات میں ممبر اسمبلی منتخب ہو کروزارت کا قلمدان سنبھالے رکھا۔ ، بعد ازاں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں شمولیت اختیار کی۔2022ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور2022ء میں ہی انہیں آزادجموں و کشمیر کونسل کا ممبر منتخب کروایا گیا۔انہوں نے جون 2005 میں یمن میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم میں آزاد کشمیر کی نمائندگی کی، مرحوم کو فالج کا عارضہ لاحق تھا اور راولپنڈی میں ہی قیام پذیر تھے، اٹھارہ مارچ کو اپنے آبائی گھر چیروٹی پانیولہ آئے جہاں بیس مارچ کی سپ پہر چار بجے کے قریب دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج اکیس مارچ دن ساڑھے بارہ بجے خان اشرف خان سٹیڈیم راولاکوٹ جبکہ اسی شام ساڑھے تین بجے آبائی گاؤں چیروٹی میں ادا کی جائے گی، سردار سیاب خالد آزادکشمیر کے سینئر سیاستدان تھے جن کی وفات سے خطہ بالخصوص پونچھ ایک قد آور سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں