آزادکشمیر میں اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی ملے گی،صدر اآزادکشمیر

مظفرآباد(دھرتی نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں آج دنیا بھر میں اور بالخصوص پاکستان اور آزادکشمیر میں بسنے والے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔ اسلام بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتا ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگ اپنے اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کر سکتے ہیں۔ ہماری یہ کوشش ہے کہ آزادکشمیر میں بھی اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی اور حقوق ملیں۔ میں آج کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری اور آزادکشمیر میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں یہاں مساوی حقوق ملیں گے تاہم اگر کوئی کمی کوتاہی ہے تو اُسے دور کیا جائے گا۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک برتا جا رہا ہے اور وہاں پر مقیم اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے کیونکہ بھارتی حکومت ہندوتوا کے نظریے پر گامزن ہے جس کی وجہ سے ہندوستان میں اقلیتوں کا کوئی پرُسان حال نہیں ہے۔اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔ انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھارتی حکومت کی جانب سے اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی بنیاد رکھی تو اُس میں پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی پاکستان میں اقلیتوں کے لیے مساوی حقوق کی بات کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے مسیحی برادری کے ہمراہ کرسمس کا کیک بھی کاٹا اور اس موقع پر کرسمس کی مناسبت سے کرسمس ٹری بھی سجایا گیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکبار دیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں اقلیتوں کو مساوی حقوق میسر ہیں جبکہ بھارت میں انتہاء پسندانہ ہندوتوا کی پالیسیوں کے باعث اقلیتیں ایک اذیت ناک صورتحال سے گزر رہی ہیں جہاں پر انہیں مذہبی آزادی حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے مذہبی تہوار اور رسومات آزادی سے نہیں مناسکتے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں آزادکشمیر میں مقیم مسیحی برادری اور دیگر تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں آزادکشمیر میں اُن کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دوں گا اور انہیں برابری کی بنیاد پر مساوی حقوق دئیے جائیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں