آزاد کشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن 5جون سے روزانہ احتجاج کرے گی

مظفرآباد (دھرتی نیوز) آزاد جموں و کشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کی مرکزی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس،مطالبات کے حق میں 5جون سے روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا فیصلہ،گزشتہ روز بوائز ہائر سیکنڈری سکول گوجرہ میں مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام مرکزی عہدیداران، ڈویژنل، ضلعی و تحصیل صدور اور مجلس عاملہ کے ممبران نے شرکت کی، اجلاس میں اساتذہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اساتذہ کے سکیل اپ گریڈیشن کے تسلیم شدہ مطالبہ جس کے اطلاق کا اعلان حکومت (وقت) نے یکم جولائی 2023ء سے کیا تھا اس پر عملدرآمد کے لیے تمام ضلعی صدور ہمراہ تحصیل صدور و مرکزی عہدیداران آج اپنے اپنے اضلاع میں بذریعہ پریس کانفرنس ایک روزہ احتجاج کی تاریخ کا اعلان کریں گے، 5 جون سے 14 جون تک روزانہ ایک ضلع میں احتجاج کیا جائے گا اور اس روز ضلع بھر میں تدریسی بائیکاٹ بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایلیمنٹری بورڈز کے حوالے سے آزاد جموں و کشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کی طرف سے مجوزہ اصلاحات کے اطلاق تک رجسٹریشن فیس کسی صورت جمع نہیں کی جائے گی، اجلاس میں شریک ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے بھی اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایااور یہ واضح کیا گیا کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز ایلیمنٹری اساتذہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش نہ کریں اور تمام اضلاع و تحصیل کے صدور متعلقہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو اس بارے تحریری طور پر پابند کریں۔ شرکائے اجلاس نے میرپور بورڈ کی طرف سے حالیہ رجسٹریشن فیس میں اضافہ کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فی الفور اس فیصلہ کو واپس لیا جائے اور میٹرک کے بعد انٹرمیڈیٹ میں دوسری مرتبہ رجسٹریشن فیس کو ختم کیا جائے۔ شرکائے اجلاس کی جانب سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اساتذہ کے تمام کیڈرز کے سالوں سے رُکے ہوئے سلیکشن بورڈز اجلاس کا فی الفور انعقاد کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر استحکام پاکستسان کے لیے دعا کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کیا گیا۔