ارقم کی تعارفی تقریب ،علمی و ادبی شخصیات کی شرکت

راولاکوٹ ( دھرتی نیوز )بزم ارقم راولاکوٹ کے زیر اہتمام شائع کردہ علمی،ادبی،تاریخی مجلہ “ارقم”کی تعارفی تقریب یہاں غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز مزاح نگار اور مصنف سردار کبیر خان تھے جبکہ مہمان خاص پروفیسر مسعود خان(پلندری) تھے۔ صدارت سردار راشد نذیر صدر غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ نے کی۔ تقریب سے مدیر اعلیٰ ارقم پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین ظفر نے ارقم کے ارتقاء اور اس کی ادبی،تاریخی، ثقافتی حوالے سے بات کی اور ارقم کے کشمیر نمبر کو تاریخی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کتاب دوستی سے دور ہو رہی ہے جسے قریب لانے کے لیے ہم کوشاں ہیں ۔ مہمان خصوصی سردار کبیر خان نے اپنے خطاب میں ارقم کی ادارتی ٹیم اور اس میں شامل تحقیقاتی مقالاجات اور مضامین کی تعریف کی اور کہا اس قدر اعلیٰ معیار کا مجلہ اس ادارتی ٹیم کا ہی کمال ہے کہ اس نے ترتیب دیا ورنہ یہ عام لکھنے والے کا کمال نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ارقم کے منتظمین مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے راولاکوٹ میں ادبی سرگرمیوں کو بھی تیز کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پریس کلب اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے ۔ تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد صغیر خان، پروفیسر مسعود خان، فاروق حسین صابر ، وسیم اعظم، عابد صدیق نے بھی خطاب کیا ۔ صدر پریس کلب راشد نذیر نے شرکاء تقریب اور مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ ارقم 600 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں 40 کے قریب مضامین شامل ہیں۔ تقریب میں علمی و ادبی شخصیات ، سول سوسائٹی اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں