اسلام آباد۔۔۔پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا باقاعدہ اجلاس 4 مئی کو طلب

اسلام آباد)دھرتی نیوز )پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا غیر رسمی اجلاس نامزد قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی زیر صدارت ہوا جس میں صدر تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر و سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی فہیم اختر ربانی ، چوہدری رفیق نئیر ، محمد اقبال اور چوہدری مقبول گجر شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض، سردار محمد حسین ، حافظ حامد رضا اور دیوان محی الدین نے ٹیلیفونک شرکت کی ۔ پارلیمانی پارٹی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور چئیرمین عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا باقاعدہ اجلاس 4 مئی کو دن 3 بجے اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ وسطی باغ کے ضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے خواہشمند افراد 4 مئی 2023 تک اپنی اپنی درخواستیں بمعہ فیس پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری راجہ منصور کے پاس جمع کروائیں۔ اجلاس میں سینئر قانون دان خواجہ انصر شبیر کی سربراہی میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں قانونی و آئینی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور خواجہ انصر شبیر کو ہدایت کی گئی کہ وہ دیگر سینئر وکلاء سے بھی مشاورت کریں۔اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ یہ طے کیا گیا کہ 4 مئی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی اکثریت شریک ہو گی جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ وہیں ارکان پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا حصہ تصور ہوں گے جو 4 مئی کو اجلاس میں شرکت کرینگے ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں