انجمن تاجران پونچھ ڈویژن کا 15جولائی سے احتجاج کا اعلان

راولاکوٹ(دھرتی نیوز) انجمن تاجران پونچھ ڈویژن نے بجلی کی لوڈشیڈنگ، بلات پر بے جا ٹیکسوں اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے حکومت کو 15جولائی کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ 15جولائی کے بعد سخت احتجاج کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔مرکزی صدر آل آزادکشمیر انجمن تاجران سردار افتخار فیروز کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس راولاکوٹ میں منعقدہ اجلاس میں پونچھ ڈویژن کے تمام اضلاع و تحصیلوں سے تاجروں کے قائدین نے شرکت کی۔ سردار افتخار فیروز نے چارٹر آف ڈیمانڈ کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آزادکشمیر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مکمل مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس سمیت دیگر بے جا ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔ آزادکشمیر میں ریاستی گرڈ اسٹیشن قائم کرتے ہوئے اس خطے کی ضرورت کو پورا کرنے کے بعد باقی بجلی نیشنل گرڈ میں بھیجی جائے اور آٹا پر سبسڈی فراہم کی جائے۔ 15جولائی تک ان مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا تو پونچھ ڈویژن کے تاجران آئندہ کا لائحہ عمل دینگے۔ جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے، ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور آزادکشمیر بھر میں اس احتجاج اور ہڑتال کو پھیلایا جائے گا۔ پیر کی شام منعقدہ اجلاس میں مرکزی صدر سردار افتخار فیروز، چیئرمین آل آزادکشمیر انجمن تاجران افتخار زمان کے علاوہ صدر انجمن تاجران پونچھ ڈویژن و صدر انجمن تاجران تراڑکھل سردار محمد شبیر خان، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران پونچھ ڈویژن سردارمشتاق احمد سدوزئی، صدر انجمن تاجران باغ خان محمد سلیم،صدر انجمن تاجران پلندری سردار شہزاد خان، صدر انجمن تاجران ہجیرہ سردار الطاف خان، صدر انجمن تاجران عباسپور سردار محمد فیاض خان، صدر انجمن تاجران منگ سردار محمد الیاس خان، سردار خالد محمود خان سرپرست اعلیٰ انجمن تاجران قلعاں، افضل کشمیری جنرل سیکرٹری انجمن تاجران باغ، حاجی اعجاز حنیف جنرل سیکرٹری انجمن تاجران راولاکوٹ، عرفان عظیم زرگر سیکرٹری مالیات ہجیرہ، عرفان کشمیری صدر ٹیلرز یونین باغ، محمد آصف خان سیکرٹری مالیات راولاکوٹ، آصف عاشق صدر انجمن تاجران بلدیہ اڈہ، شیخ صدیق سیکرٹری نشرواشاعت پلندری، امجد ظہور نائب صدر پلندری، محمد آصف نائب صدر تراڑکھل، سردار خان قدوس جنرل سیکرٹری تراڑکھل، راجہ اشتیاق زرگر سیکرٹری مالیات پلندری، سردار عبدالقدیر سینئر نائب صدر پلندری، سردار عبدالرزاق خان جنرل سیکرٹری ہجیرہ،سردار سادات خان راولاکوٹ، سردار صدام راولاکوٹ کے علاوہ دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں