ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن کے قیام کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کا قیام

اسلام آباد(پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے سرکاری و نجی شعبہ جات میں کام کرنے والے لاکھوں ملازمین کیلئے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی بنیاد رکھنے کا تاریخ ساز فیصلہ کرلیا۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فیاض علی عباسی کی سربراہی میں پانچ رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا کر اس نئے ادارے کو 45 دن میں فعال کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔ کمیٹی چیئرمین فیاض علی عباسی کے علاوہ دیگر ممبران میں سیکرٹری سروسز ، سیکرٹری مالیات، سیکرٹری قانون اور سیکرٹری انڈسٹریز شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر میں ای او بی آئی کے قیام کا بنیادی مقصد سرکاری اور نجی اداروں میں فرائض انجام دینے والے ملازمین اور مزدوروں کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن فراہم کرنا ہے۔پاکستان میں ای او بی آئی کے قانون کے تحت رجسٹر شدہ آجر کی جانب سے کم از کم اجرت کے5 فیصد اور ملازم کی جانب سے ایک فیصد کے مساوی ماہانہ کنٹری بیوشن ای او بی آئی کو جمع کرانا لازمی ہے اور اسی طرح وہاں کی حکومت بھی ای او بی آئی کو سالانہ مساوی امداد ادا کرنے کی پابند ہوتی ہے۔ مرکز میں ای او بی آئی کے قانون کے تحت دس یا زائد ملازمین کے حامل آجر اور اداروں پر ای او بی آئی کے قانون کا اطلاق ہوتا ہے۔ خواہ یہ ملازمین مستقل ، عارضی ، یومیہ اجرت ، موسمی یا کسی ٹھیکہ دار کے ذریعہ خدمات انجام دے رہے ہوں ، اسی طرح ہم آزادکشمیر میں بھی یہ ادارہ قائم کر کے ان تمام افراد کو ای او بی آئی میں رجسٹرڈ کریں گے تاکہ مقررہ مدت کے بعد ان کو تاحیات پنشن سمیت تمام سہولیات ریاست کی طرف سے دی جا سکیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں