باغ،پی ٹی آئی نے مجموعی برتری حاصل کر لی

باغ(محمود راتھر سے) پی ٹی آئی کے سردار آصف 21 ووٹ لیکر چیئرمین، راجہ فہیم فاروق 28 ووٹ لیکر وائس چیئرمین ضلع کونسل باغ منتخب ہو گئے، چیئرمین کے مد مقابل امیدوار سردار طارق مسعود نے 16 اور وائس چیئرمین کیلئے جاوید عارف عباسی 9 ووٹ لے سکے، پی ٹی آئی کے ظہیر درانی یونین کونسل راولی کوٹھیاں، پی ڈی ایم کے سردار اعجاز اسلم یونین کونسل چیڑھان ریڑہ بن کے چیئرمین منتخب بن گئے، جنوبی باغ کی 3 میں سے 2 یونین کونسلز پی ڈی ایم نے اپنے نام کر لیں، تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی ادارے مکمل طور پر بحال ہو گئے، چیئرمین مین ضلع کونسل باغ کیلئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار پروفیسر سردار آصف خان 21 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدوار سردار طارق مسعود ایڈوکیٹ نے خلاف توقع 16 ووٹ حاصل کئے، وائس چیئرمین کیلئے پی ٹی آئی کے راجہ فہیم فاروق 28 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے انہیں اپنی پارٹی کے اور اتحادی جماعت مسلم کانفرنس کے سارے ووٹ ملے ہیں ان کے مدمقابل آزاد امیدوار جاوید عارف عباسی 9 ووٹ حاصل کر سکے ہیں، یونین کونسلوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات میں حلقہ وسطی باغ میں 4 یونین کونسلوں اور شرقی باغ میں 1 یونین کونسل میں پی ڈی ایم نے کامیابی حاصل کی، یونین کونسل چیڑھان ریڑہ بن سے پی ڈی ایم کے سردار اعجاز اسلم، یونین کونسل راولی کوٹھیاں سے پی ٹی آئی کے ظہیر درانی چیئرمین منتخب ہو گئے، یونین کونسل نڑیولہ میں ووٹ برابر ہو جانے پر ٹاس کے زریعے پی ڈی ایم کو کامیابی حاصل ہو گئی، چیئرمین ضلع کونسل اور وائس چیئرمین ضلع کونسل کیلئے پولنگ مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہو گئی، ووٹوں کی گنتی کے بعد ریٹرننگ آفیسر سید ذولفقار علی شاہ نے نتائج کا اعلان کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے چشن منایا،ڈھول کی تھاپ پر رقص و بھنگڑا ڈالا اور مٹھائیاں تقسیم کیں، اس موقع پر وزیراعظم کے پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید، نومنتخب چیئرمین ضلع کونسل سردار آصف،وائس چیئرمین راجہ فہیم فاروق، میجر لطیف خلیق، سردار رشید طاہری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کامیابی وزیراعظم سردار تنویر الیاس، وزیر حکومت سردار میر اکبر خان پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے خواب کو عملی جامہ پہنایا، نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل سردار آصف نے کہا کہ وزیراعظم کے اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے انہوں نے کہا ضلع باغ کے عوام کی بلا تخصیص خدمت کروں گا، کامیابی کے بعد نومنتخب چیئرمین ضلع کونسل کو ایک بہت بڑی ریلی کے ہمراہ آبائی گاؤں کوٹھیاں لے جایا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں