باغ ضمنی انتخابات روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں دائر درخواست خارج

مظفرآباد (دھرتی نیوز)سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی حلقہ وسطی باغ کی نشست پر 8جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب روکنے کے لیے دائر کی گئی رٹ پٹیشن عدالت عالیہ نے خارج کردی ہے۔گزشتہ روز راجہ شفاعت علی خان ودیگر کی جانب سے معروف قانون دان راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت عالیہ میں پولیٹیکل پارٹیز رجسٹریشن کا کیس زیر سماعت ہے اور تحریک انصاف کے انتخابی ٹکٹ ایک غیر ریاستی فرد نے جاری کیے،عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد استفسار کیا کہ پٹیشنر میں سے متاثرہ فریق کون ہے جب کوئی متاثرہ فریق نہیں تو رٹ پٹیشن کیسے قابل سماعت ہوسکتی ہے۔کوئی متاثرہ فریق ہی ریلیف کے لیے عدالت آسکتا ہے۔عدالت نے پٹیشن مسترد کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔باغ کے ضمنی الیکشن جاری شدہ شیڈول کے مطابق انعقاد پذیر ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔پٹیشن کی سماعت عدالت عالیہ کے چیف جسٹس راجہ صداقت حسین اور سردار اعجاز حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔