بلدیاتی الیکشن میں ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر پونچھ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) ڈپٹی کمشنر پونچھ بدر منیر نے کہا ہے کہ 27نومبر کو منعقدہونے والے بلدیاتی الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، اس سلسلہ میں پولیس اور انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے گی تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی امیدواران و عہدیداران اپنے فوکل پرسن مقررکریں جو ہمہ وقت انتظامیہ کے کنٹرول روم سے رابطہ میں رہیں تاکہ بروقت اطلاع پر کارروائی ممکن ہو سکے، سرکاری عمارات پر پوسٹر لگانے پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ انتخابی مہم میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی، وہ اپنے آفس چیمبر میں سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے،، اس موقع پر ایس ایس پی پونچھ سید وحید گیلانی، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سعد اللہ خان،، اسسٹنٹ کمشنر راولاکوٹ صارم عثمان، آفیسر مال سید آفتاب گردیزی، پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر عامر خورشید، مسلم کانفرنس کے ضلعی صدر اظہر نذر، جماعت اسلامی حلقہ تین کے امیر عدنان رزاق، ن لیگ کے عہدیدار سردار محمد ذاکر خان، پی ٹی آئی کے سردار اورنگزیب خان اور دیگر موجود تھے،ان عہدیداران نے انتظامیہ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، اس موقع پرایس ایس پی پونچھ سید وحید گیلانی نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ہم عوام کی حفاظت کیلئے ہمیشہ کی طرح اس الیکشن کے انعقاد کو پرامن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، اس مقصد کیلئے ایک منظم حکمت عملی مرتب کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے تمام امیدواران اور سیاسی پارٹیز کے عہدیداران پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی وارڈز میں ووٹرز کو پرامن طریقہ سے ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیں تاکہ ضلع پونچھ میں الیکشن کو مثالی بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ ووٹرز کی رہنمائی کی جائے، پولنگ سٹیشن پر تلخی اور کشیدگی کے ماحول کو روکا جائے، کسی بھی ہنگامی صورت، لڑائی جھگڑے کی صورت میں انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے، بلدیاتی انتخابات کے لئے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی عکسی نقول تمام امیدواران اور سیاسی جماعتوں کو فراہم کر دی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں