بلدیاتی انتخابات،ووٹرفہرستوں کی تیاری میں‌غفلت برتنے کی تردید

مظفرآباد(پی آئی ڈی ) ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر ووٹر فہرستوں کی تیاری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی کہ ووٹر فہرستیں بوگس یا عجلت میں تیار کی گئی ہیں’ سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق ووٹر فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے کوالیفائینگ ڈیٹ 20 فروری 2022 مقرر کی، پھر ووٹرز کے مطالبہ پر 10 مارچ تک کوالیفائینگ ڈیٹ مقرر کی گئی، رجسٹریشن افسران کی تقرری کے بعد 25 اپریل 2022 کو شیڈول جاری کرتے ہوئے تمام پراسس کو پورا کیا گیا، ہر ووٹرز کو اعتراضات کا موقع فراہم کیا گیا اور انکی سماعت کی گئی، اس کے بعد ابتدائی ووٹرز فہرستوں کی اشاعت کی گئی اور ووٹرز کی جانب سے شکایات /اپیلیں /اعتراضات کی سماعت کر کے حتمی ووٹرز فہرستیں جاری کی گئیں۔ اس سارے عمل کے دوران آزاد کشمیر کی جملہ سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلا کر کے انہیں کہا گیا کہ وہ ووٹرز کو ان ووٹر فہرستوں کی نسبت موبلائز کریں اور ووٹرز کو بتائیں کہ وہ اپنا نام ووٹر فہرستوں میں چیک کرکے غلطی کی صورت میں اپنے متعلقہ وارڈز میں درج کروائیں، اس کے ساتھ ساتھ اس سارے عمل کی میڈیا پر بھی بھرپور تشہیر کی گئی۔ اس باوجود اب جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی ووٹرز فہرستیں جاری کی جا چکی ہیں لیکن اب بھی الیکشن شیڈول جاری ہونے سے قبل الیکشن کمیشن کے پاس اختیار ہے کہ وہ ووٹرز فہرستوں کو درست کر سکتا ہے۔ اس اختیار کو بھی استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنرز کو اپنی جانب سے فوکل پرسن مقرر کیا ہے کہ اگر کسی ووٹر کا نام اسکے متعلقہ وارڈ میں درج نہیں ہے تو وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے سکتا ہے ،ڈپٹی کمشنر اسکی درخواست کی تحقیق کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو رپورٹ کریگا جس پر الیکشن کمیشن اس ضلع میں آکر اسکی سماعت کرکے اسکو درست کریگا۔ ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کے بجائے ایسے ووٹرز جن کا نام انکے متعلقہ وارڈ میں درج نہیں وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست دیں۔ بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف الیکشن کمیشن کارروائی کا اختیار بھی رکھتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں