بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کو مجاز فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان

مظفرآباد (دھرتی نیوز)سردار طارق مسعود خان ایڈووکیٹ وائس چیئرمین آزادجموں وکشمیر بار کونسل نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا بل اسمبلی میں پیش کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کو سبوتاڑ کرنے کے مترادف ہے۔اسمبلی قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے مگر بدنیتی سے بنایا گیا قانون،ایکٹ ناقابل قبول ہوگا۔الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد اسمبلی میں بل پیش کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔الیکشن کے لیے ووٹر فہرست ہا اور پولنگ سکیم فائنل ہوچکی ہیں ایسی صورت میں الیکشن ملتوی کرنا بنیادی حقوق متاثر کرنے کے مترادف ہوگا۔مجوزہ پیش کردہ بل الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد پیش کیا گیا، جس کا اطلاق موثر باماضی نہ ہوگا۔اس طرح کے الفاظ بدنیتی پر مبنی ہیں،حکومت اگر کوئی قانون سازی کرنا چاہتی ہے تو وہ آئندہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کرسکتی ہے لیکن اس ترامیم کا اطلاق حالیہ بلدیاتی الیکشن پر قانون کے مطابق نہ ہوگا۔بار کونسل اور وکلاء آزادکشمیر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت وقت کو تنبیہ کرتے ہیں کہ کوئی ایسا اقدام کرنے سے باز رہے جس سے آزادکشمیر کے اندر افراتفری کا ماحول پیدا ہو۔آزادجموں وکشمیر بار کونسل اس بل کے جملہ قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی اور بار کونسل بدنیتی پر اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف بنائے گئے اس ترمیمی ایکٹ کو مجاز فورم پر چیلنج کرے گی اور بار کونسل سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرے گی۔ادھرجماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 15اگست کو ایک سازش کے تحت بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف پورے آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی اور یوم سیاہ منایا جائے گا۔پوری کشمیری قوم 15 اگست کو نکلے تاکہ بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کی سازش کو ناکام بنایا جائے اور بلدیاتی انتخابات کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق یقینی بنایا جائے۔جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کیخلاف ہر محاذ پر جدوجہد کرے گی ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کو واپس لے اور بلدیاتی انتخابات کو الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی تاریخ پر کرانے کو یقینی بنائے۔سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ 30 سال بعد عمران خان کے وعدے کے مطابق سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی کاوشوں سے آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے تھے۔ اقتدار نوجوانوں میں منتقل ہونے جا رہا تھا جس کو تمام باشعور کشمیریوں نے خوب سراہا۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف اور پی ڈی ایم نے ایک ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ انکے پوتے بھی ممبر اسمبلی منتخب ہوں اور ہمارے نوجوان ڈسٹرکٹ کونسلر بھی نہ بنیں۔ یا تو لولی لنگڑی اس اسمبلی میں بھی تالا لگا یا میرے نوجوانوں کو بھی سیاست کا حق دیا جائے، ممبر قانون ساز اسمبلی سید بازل علی نقوی، چوہدری مقبول گجر نے کہا ہے کہ کل اسمبلی میں حکومت کے طرز عمل سے یہ واضح ہو رہا تھا کہ وہ بلدیاتی الیکشن کا ہر قیمت پر التواء چاہتی ہے اسی وجہ سے میں نے آج اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں