بلدیاتی انتخابات کسی صورت التوا کا شکار نہیں ہوں گے،وزیر اعظم آزادکشمیر

اسلام آباد(پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کسی صورت التوا کا شکار نہیں ہونگے،عمران خان کے ویژن،پی ٹی آئی کے انتخابی منشور اور عوام سے کیے گئے بڑے وعدے کو عملی جامہ پہنانے اورسپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے،الیکشن کمیشن کو ان کی ضرورت کے مطابق بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے وسائل کردئیے گئے ہیں انتخابات کے لیے سکیورٹی فورسز کا کوئی ایشو نہیں،وفاقی حکومت اور صوبوں سے رابطے میں ہیں عوام اور ٹکٹ ہولڈرز افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، بحیثیت وزیراعظم آزادکشمیر عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کرونگا اور آپکا دیرینہ خواب کسی صورت ٹوٹنے نہیں دونگا، 31سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی کی حکومت کا اعزاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سپریم کورٹ آزادکشمیر کی ہدایات کی روشنی میں انتخابات کا انعقاد حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیگی،انہوں نے کہا حکومت آزادکشمیر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ سے رابطے میں ہے اور سکیورٹی فورسز کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے چونکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی وجہ سے سکیورٹی فورسز کی دستیابی اسوقت ایک ایشو ہے لیکن آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں ابھی کافی وقت ہے ہمیں امید ہے تب تک حالات نارمل ہوجائیں گئے، انہوں نے کہا اگر کسی وجہ سے انتخابات کے لیے وفاق کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی فراہمی ممکن نہیں ہوتی تو حکومت آزادکشمیر پنجاب،کے پی کے،گلگت بلتستان سے سکیورٹی فورسز اور پاک فوج سے بھی سکیورٹی کیلئے د رخواست کردی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا ہم کسی صورت عوام کا یہ دیرینہ خواب ٹوٹنے نہیں دیں گے عمران خان کے وژن اور جنرل الیکشن میں پی ٹی آئی کے بنیادی منشور کے مطابق پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد حکومت کی ذمہ داری ہے ہم نے عوام سے یہ وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آکر سب سے پہلے عوام کے بنیادی حقوق ان تک پہنچائیں گے وہ آج ایک خواب تکمیل کے مر احل میں داخل ہوچکا، ہماری حکومت نے الیکشن کمیشن کو تمام تر وسائل فراہم کرد ئیے اور دیگر ذمہ داریاں بھی حکومت ہر صورت پوری کرکے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنائے گی۔انہوں نے کہا عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتخابات کی تیاری کریں اور 27 نومبر کو پی ٹی آئی کو بھرپور طریقے سے کامیاب کریں تاکہ ترقی کا سفر جو پی ٹی آئی کی حکومت نے شروع کیا ہے یہ سفر مذید جذبے سے جاری رہ سکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ماضی میں بھی حکومتیں رہیں لیکن کسی نے اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں نہیں کیں اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ موقع دیا ہے کہ میں 31سال بعد عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر دوں یہ موقع میں کسی صورت ضائع نہیں ہونے دوں گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں