بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تحریک کو سارے آزادکشمیر میں خود لیڈ کروں گا ، سردار قمرالزمان خان

باغ (دھرتی نیوز)سابق وزیر حکومت و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سردار قمرالزمان خان نے بلدیاتی انتخابات کو التواء میں ڈالنے کی سازش کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار چاہتی ہے اس لیے مختلف عذرِ لنگ تراش رہی ہے حکومت کو اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے جس کی بناء پر یہ انتخابات کا التواء چاہتی ہے جبکہ اسمبلی میں موجود نام نہاد اپوزیشن بھی اس سازش کا حصّہ ہے ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ملکر عوام کے بنیادی حق بلدیاتی انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ان دونوں کی کارگزاری صفر ہے. سردار قمرالزمان خان کا کہنا تھا کہ میں عدلیہ کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے کی جانے والی کاوش پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ چاہتا ہوں کہ عدلیہ کے حکم پر مکمل عملدرآمد کیا جائے. سردار قمرالزمان خان کا واضح اور دوٹوک کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تحریک کو سارے آزادکشمیر میں خود لیڈ کروں گا لوگوں سے مکمل رابطے میں ہوں، آزادکشمیر کے ہر ضلع کا دورہ کروں گا، ریاست بھر میں عوام کو اس ایشو پر منظم کروں گا اور جن پلانٹڈ لوگوں نے اس الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے انہیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر مجبور کر دیا جائے گا. نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے ابھی عوام کے بنیادی حقوق کی لڑائی لڑنے والے لوگ موجود ہیں سارے آزادکشمیر کے نوجوان اور تمام وہ سیاسی کارکنان جو بلدیاتی انتخابات میں حصّہ لینے کے خواہشمند ہیں ان کی اس خواہش کو ہم اپنی جدوجہد سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں