بلدیاتی نمائندگان کے اختیارات کی بحالی،سماعت19جون کو ہوگی

مظفرآباد (دھرتی نیوز)بلدیاتی نمائندگان کے اختیارات کی بحالی اور وسائل کی فراہمی کے لیے دائر رٹ پٹیشن پر حکومت آزادکشمیر سمیت تمام متعلقین کو نوٹس جاری،کیس کی آئندہ سماعت 19جون کو ہوگی۔چیف جسٹس عدالت عالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ اور جسٹس اعجاز احمد پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے گزشتہ روز معروف قانون دان بیرسٹر ہمایوں نواز کے ذریعے سردار جاوید شریف چیئرمین ضلع کونسل کی دائر رٹ پٹیشن میں بلدیاتی اداروں اور نومنتخب بلدیاتی نمائندگان کے اختیارات کی بحالی اور وسائل کی فراہمی کے لیے دائر رٹ پٹیشن میں فریقین کو 19جون کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔حکومت آزادکشمیر سے بلدیاتی نمائندگان کے فنڈز کے حوالے سے رٹ پٹیشن میں اٹھائے گئے نکات پر جواب بھی طلب کرلیا گیا ہے۔یہ کیس آزادکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کے بعد نومنتخب بلدیاتی اراکین اوربلدیاتی اداروں کو متحرک اورفعال کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آزادکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کا عمل جنوری میں مکمل ہوگیا تھا مگر نومنتخب بلدیاتی ممبران اور بلدیاتی اداروں کو حکومت کی جانب سے ابھی تک مطلوبہ وسائل اور فنڈز فراہم نہیں کیے گئے،کئی بلدیاتی اداروں کے پاس ابھی تک دفاتر تک موجود نہیں ہیں،جبکہ حکومت آزادکشمیر نے اپنے تمام ترقیاتی فنڈز کشمیر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ممبران اسمبلی کو فراہم کردیے ہیں جو اپنی مرضی سے یہ فنڈز بلدیاتی نمائندگان کے بجائے من پسند لوگوں میں تقسیم کررہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں