بینک آف آزاد جموں وکشمیر کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس،اہم فیصلے

مظفر آباد( دھرتی نیوز)بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے کہا ہے کہ ریاست کا واحد مالیاتی ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔ بینک کا عملہ مزید لگن اور جانفشانی سے ادارے کی تیز ترین کامیابی اور فنانشل اہداف حاصل کرنے کے لئے دن رات کام کر رہا ہے۔وہ بینک کے ہیڈ آفس پر منیجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔ اجلاس میں بینک کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جس میں تمام ڈویژنل ہیڈز نے شرکت کی۔انہوں نے شرکاء کو حالیہ اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاستی بینک کی ترقی اور اسے صف اول کے بینکوں میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔بینک کا نیٹ ورک وسیع ہو رہا ہے اور اس کی کل برانچوں کی تعداد بڑھ کر80ہو گئی ہے۔ نئی برانچز کھولنے سے بڑی آبادی مستفید ہورہی ہے اور معزز صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات فراہم ہورہی ہیں جب کہ بینک کسٹمر سروس میں مزید بہتری کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ سازمنافع کمارہا ہے۔ڈیپازٹس،اثاثہ جات اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں قابل قدر اضافہ ہواہے۔اجلاس میں خاص طور پر حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر سخت تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین کی امداد اور آبادکاری کے لئے”فلڈ ریلیف فنڈ2022“ قائم کیا گیا۔ اس سلسلے میں مین برانچ مظفر آباد میں ”بی اے جے کے فلڈ ریلیف اکاؤنٹ2022“کھول دیا گیا ہے۔عوام سے اس اکاؤنٹ میں دل کھول کرنقدی اور چیکوں کی صورت میں اپنے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں