راولاکوٹ ،ایل او سی کے قریب فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

راولاکوٹ (پی آئی ڈی) آزاد کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں کموڑاہ گھمیر کے مقام پر پاک فوج اور الشفاء ٹرسٹ کی جانب سے فری میڈیکل و آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ فری میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹروں نے مریضوں کا چیک اپ کیا اور مفت ادویات تقسیم کیں۔ کموڑاہ گھمیر کے مقام پر لگائے جانے والا کیمپ صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو شام گئے تک جاری رہا۔فری میڈیکل کیمپ میں مریضوں کی بڑی تعداد نے اپنا چیک اپ کروایا جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے انتہائی ہمدردانہ طریقے سے اپنی خدمات پیش کیں۔کیمپ میں دیگر امراض کے ساتھ آنکھوں کے مریضوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔مریضوں کو نظر کے لئے فری عینکیں بھی فراہم کی گئی۔ آپریشن کے لئے ضروری مریضوں کو الشفاء آئی ہسپتال میں ریفر بھی کیاگیا۔میڈیکل کیمپ میں ٹوٹل 1020 مریضوں کا چیک ہوا۔ جس میں مرد 191، عورتیں 441, بچے 388 اور دانتوں کے 64 مریضوں کا معائنہ بھی اس میں شامل ہے۔ جبکہ آئی کیمپ میں ٹوٹل 314 مریضوں کا چیک اپ کیا گیا۔ جس میں مردوں کی تعداد 150 اور 164عورتیں شامل تھیں۔ 45 مریضوں کو داخل کیا گیا اور 60 مریضوں کو ریفر بھی کیا گیا۔عوام علاقہ نے پاکستان آرمی اور الشفاء ٹرسٹ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ لگانے کے اقدام کو سراہا۔ موقع پر موجود لوگوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پاکستان آرمی ہر مشکل میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ جنگ ہو یا امن ہمیشہ پاکستان آرمی کو اپنے لوگوں کے درمیان پایا۔ جس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں