راولاکوٹ ،پیپلز پارٹی کے چار کونسلرز کو ڈی نوٹیفائی کا خدشہ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت نے پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے 4 میونسپل کارپوریشن کے کونسلرز کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری کی جانب منتخب کونسلرز عامر خورشید ، محمد وحید خان، عرفان ظریف اور نوشین ایڈووکیٹ کو جاری کیے گے شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ مخصوص نشستوں پر جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کر کے امیدوار منتخب کرنے ہوں گے لیکن آپ جملہ کونسلرز نے ایسا نہیں کیا اور اس طرح آپ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا آپ تین دن کے اندر وضاحت کریں کہ ایسا کیوں کیا گیا بصورت دیگر آپ کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور آپ کو منتخب سیٹوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات میں میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کی سیٹوں پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مل کر الیکشن لڑا بعد ازاں ان دنوں جماعتوں کی مرکزی قیادت نے اپنے اپنے منتخب کونسلرز کو ہدایت کی کہ وہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کریں لیکن مخصوص نشستوں کے انتخابات میں دنوں جماعتوں کے کونسلرز نے یہ فیصلہ نہ مانا جس پر یہ شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ واضح رہے کہ اگر پارٹی قیادت الیکشن کمیشن کو ان کونسلرز کو ڈی نوٹی فائی کرنے کی تحریک کرے تو یہ نشستوں سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔ ابھی مئیر اور ڈپٹی مئیر کا انتخاب ہونا باقی ہے جس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کونسلر پارٹی فیصلہ مانیں گے یا پھر دوبارہ پارٹی پالیسیز کی خلاف ورزی کریں گے

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں