راولاکوٹ ، پاسپورٹ افس عارضی طور پر بند کر دیا گیا

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) محکمہ داخلہ پاکستان نے راولاکوٹ میں قائم پاسپورٹ آفس عارضی طور پر بند کر دیا۔پاسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ مبینہ طور پر پاسپورٹ آفس کے عملے پر بعض شہریوں کی جانب سے تشدد اور ملزمان کی عبوری ضمانت کے باعث کیا گیا۔حملہ اور ملزمان کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے تاہم ملزمان نے مقامی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔یہ واقعہ دو دن پہلے پیش آیا۔مقامی شہری ایاز خادم اپنے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے پاسپورٹ آفس گیااور پاسپورٹ تجدید کرنے کی استدعا کی۔ پاسپورٹ کے عملہ نے نئے رائج قوانین کے مطابق کچھ مزید دستاویزات مانگیں جس پر درخواست گذار نے اعتراض کیا۔ اس دوران عملے کے ساتھ اس کی تلخ کلامی ہوئی اور وہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے پاس شکایت لے کر گیا لیکن اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بھی یہی اعتراضات اٹھائے کہ آپ کے شناختی کارڈ پر راولپنڈی کا پتہ درج ہے لہذا آپ ڈومیسائل کی نقل بھی جمع کروائیں۔جس پر درخواست گذار اور ان کے ساتھیوں کے مابین مزید تلخی شروع ہو گئی اور نوبت مارپیٹ تک جا پہنچی۔پاسپورٹ آفیس لے اسسٹنٹ ڈائریکٹرنعمان شہزاد کی طرف سے درج کروائی گئی ایف آئی آر نمبر306/22زیر دفعات452/324، 337A/353، 186/430A، 147/148، 149 PC، EHA20میں ایاز خادم سکنہ پڑاٹ، بلال شکیل ایڈووکیٹ سکنہ راولاکوٹ، محمد زرین خان سکنہ پوٹھی سمیت 6نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم ایاز خادم نے ڈیوٹی پر موجود وقاص کبیر سے بدتمیزی کرنے کے بعد سائل(اسسٹنٹ ڈائریکٹر)کے دفتر میں داخل ہو کر گالم گلوچ کی۔ دفتر کا دروازہ بند کر کے بانیت ہلاکت حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ ملزمان نے سرکاری اشیاء اور سرکاری املاک کو بھی توڑ پھوڑ کر لاکھوں روپے کا نقصان کیا۔ میز کی دراز اور باسکٹ سے لوگوں کے پاسپورٹ فارم وغیرہ بھی زبردستی نکال لئے اور کچھ فارم پھاڑ بھی دیئے جبکہ سائل کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔ پاسپورٹ افس کے ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان شہزاد راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ انہوں نے محکمہ داخلہ کو اس واقعی سے متعلق رپورٹ بھیج دی تھی جس کے بعد یہ دفتر عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے ۔ راولاکوٹ میں پاسپورٹ تقریباً دس سال پہلے قائم ہوا تھا۔ اس سے پہلے یہاں کے شہری پہلے راولپنڈی بعد میں مظفرآباد اور پھر ارجہ سے پاسپورٹ بنواتے تھے۔ اب پاسپورٹ آفس بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہے گا۔ آزاد کشمیر میں میرپور کے بعد سب سے زیادہ پاسپورٹ پونچھ سے جاری کیے جاتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں