راولپنڈی، تراڑکھل سے تعلق رکھنے والے سردار محمد اعظم خان قتل کر دئیے گے

راولپنڈی (دھرتی نیوز)راولپنڈی میں مقیم آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے گاوں تراڑ کھل سے تعلق رکھنے والے پراپرٹی کے معروف تاجر سرادر محمد آیاز خان کے والد محترم سردار محمد اعظم خان اپنے ہی آفس کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گے۔ جبکہ ان کے ساتھی راجہ ساجد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گے جنہیں مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔سردار اعظم خان جو خود بھی پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک تھے کا راولپنڈی صدر میں پراپرٹی کا دفتر تھا اور چکری روڈ راولپنڈی کے رہائشی راجہ ساجد کے ساتھ وہ پارٹنر تھے جہاں وہ سلور سٹی کے نام سے ایک منصوبہ چلا رہے تھے۔سلور سٹی کے سی ای او سردار اعظم خان کے فرزند محمد آیاز خان تھے۔تقریباً دو ماہ قبل چکری روڈ پر اراضی کے ایک تنازعہ میں ایک نوجوان قتل ہو گیا تھاجو پراپرٹی کے معروف تاجر ممریز بھٹی کا بیٹا تھا۔ممریز بھٹی اس کاروبار میں راجہ ساجد کو اپنا حریف سمجھتے تھے اور اپنے بیٹے کے قتل کا الزام بھی ان ہی کے گروپ پر لگا رہے تھے۔راجہ ساجد کو چوہدری نثار کی حمایت حاصل ہے۔کافی دنوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ممریز بھٹی گروپ اس قتل کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔وقوعہ کے روز راجہ ساجد کچھ دیر کے لیے آدم جی روڈ صدر راولپنڈی سردار اعظم خان کے دفتر آئے واپسی پر سردار اعظم خان انہیں الوداع کرنے نیچے آئے۔ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ وہ ان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ کر جانے کی تیاری کر رہے تھے کہ بائیں سائٹ سے موٹڑ سائیکل سواروں جو شک ہے کہ پہلے سے انتظار میں بیٹھے تھے نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔فائرنگ سے سردار اعظم خان موقع پر جاں بحق ہو گے جبکہ راجہ ساجد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔ان نصف درجن سے زائد گولیاں لگی ہیں۔واضع رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے میں آزاد کشمیر سے تعلق والے چار سے زائد کاروباری افراد اسی طرح کے تنازعات کی بھینٹ چڑھ گے۔