سپریم کورٹ نے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے تاریخی فیصلہ دیا،سابق وزیر اعظم

دبئی (دھرتی نیوز) سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے ، تحریک انصاف آزاد کشمیر کی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی ۔ بلدیاتی الیکشن سیاسی کارکنوں اور عوام کا بنیادی حق ہے ، سپریم کورٹ نے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے تاریخی فیصلہ دیا ، چیف جسٹس و دیگر معزز ججز کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ، بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف تھا ، تحریک انصاف آزاد کشمیر نے عوام سے انتخابات میں وعدہ کیا تھا ، انشاء اللہ تیس سال بعد بلدیاتی الیکشن کرا کر تاریخ رقم کرے گی ۔ عمران خان واحد لیڈر ہیں جنھوں نے ہمیشہ اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے آواز بلند کی۔ وقت کا تقاضا ہے سیاست دان ملکر بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے بعد آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے ریاست میں نئی سیاسی قیادت میسر آئے گی اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع بھی ملے گا ۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے عام آدمی کو اقتدار تک پہنچانے کا ویژن دیا تھا ، آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے کپتان کے ویژن کی جیت ہو گی ، تحریک انصاف نے جس طرح پاکستان کو نوجوان قیادت دی ، اسی طرح آزاد خطے میں بھی نئی قیادت ابھر کر سامنے آئے گی۔سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آگست 2021 کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا تو بلدیاتی الیکشن کا فوری اعلان کیا کیونکہ میرا ایمان ہے کہ عوام کے مسائل ان کے نمائندے ہی حل کر سکتے ہیں ، بلدیاتی الیکشن کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جن کا ثمر عوام کو ملتے دیکھ کر خوشی ہوئی ، عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کیلئے ہمیشہ ہر فورم پر آواز اٹھاوں گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں