عالمی برادری یاسین ملک کی بھوک ہڑتال ختم کرانے میں کردار ادا کرے ،پی ثی آئی آزاد کشمیر

اسلام آباد ( دھرتی نیوز)
عالمی برداری جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کی بھارت کے تہاڑ جیل میں گزشتہ تین دن سے جاری تادم مرگ بھوک ہڑتال ختم کرانے اور انہیں انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے نیشنل پریس کلب کے باہر جے کے ایل ایف کے رہنماؤں حق نواز اور سلیم ہارون کی طرف سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کا مطالبہ جائز ہے کہ انہیں مقدمات میں اپنے دفاع کو پورا حق نہیں ملا۔ علاوہ ازیں وہ چاہتے ہیں کہ انہیں دیگر جاری مقدمات میں عدالت برائے راست سنے تاکہ وہ عدالت کے سامنے اپنا نقط نظر بیان کرسکیں۔ یاسین ملک کا مطالبہ جائز اور قانونی ہے جس کی حمایت کی جانی چاہیے۔ ارشاد محمود نے کہا کہ یاسین ملک کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔ ہر دن ان کی صحت گر رہی ہے اور جیل میں ان کی دیکھ بھال کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔ تہاڑجیل میں پہلے بھی کئی لوگ بھوک ہڑتال کے دوران جان بحق ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، او آئی سی اور خود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل یاسین ملک کی زندگی بچانے کے لیے کردار ادا کریں کیونکہ وہ حریت پسند سیاسی رہنما ہیں کوئی دہشت گرد نہیں کہ انہیں حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یاسین ملک کے ساتھ کچھ برا ہوا تو اس کے اثرات صرف مقبوضہ کشمیر تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوگا۔سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا کہ یاسین ملک کو اگر آج بچانے میں ہم ناکام ہوگئے تو کل کلاں شبیر شاہ، مسرت عالم اور آسیہ اندرابی کی طرح کے درجنوں دیگر رہنماؤں کو کا انجام بھی یاسین ملک سے مختلف نہیں ہوگا۔ یاسین ملک کا مقدمہ ایک ٹیسٹ کیس ہے لہٰذا پاکستان کی وزارت خانہ اور دیگر اداروں کو بھرپور طریقہ سے کشمیری ڈائسپورہ کے ساتھ مل کر یاسین ملک کی رہائی کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں