غیر جریدہ ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال، دفتری بائیکاٹ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کی کال پر ملازمین اتحاد نے اپنے مطالبات کے حق آزاد کشمیر بھر میں غیر معینہ مدت تک قلم چھوڑہڑتال اور دفاتر کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اپیکا آزاد کشمیر کی کال پر آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ مختلف اضلاع کی طرح ضلع پونچھ میں بھی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ایک احتجاجی مارچ کیا جس کے دوران انہوں نے آزاد کشمیر کے تمام ملازمین کو 15 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس کے نوٹیفکیشن اور دیگر مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی جو بعد ازاں ایک احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ اس احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملازمین اتحاد کے عہدیداران و کارکنان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم مارچ 2022 اور آزاد کشمیر کے موجودہ بجٹ میں اعلان کردہ تمام مراعات جب تک ملازمین کو نہیں دی جاتی اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان مراعات کی پاکستان کے چاروں صوبوں میں نوٹیفائی ہونے کے بعد ادائیگی بھی ہو چکی ہے اور آزاد کشمیر کے تمام ملازمین اس سے محروم ہیں۔ نوٹیفکیشن کی اجرائیگی تک ہڑتال جاری اور ساری رہے گی۔ اس اعلان پر تمام تنظیموں نے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال پر ضلع پونچھ میں حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ہڑتال میں شمولیت اختیار کی اور مطالبات کے حل تک بھرپور جدوجہد کا عزم بھی کیا۔ ملازمین کے نمائندگان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملازمین کے ساتھ کسی بھی قسم کا ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا اور مہنگائی کے اس دور میں انہیں سہولیات کی فراہمی کے بجائے مختلف مسائل میں دھکیلا جارہا ہے جس کی وجہ سے ملازمین انتہائی کسمپرسی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں جو کہ ایک انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔ مقررین نے کہا کہ اس عمل کو فوری طور پر بند کیا جائے اور ملازمین کی فلاح کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپیکا ضلع پونچھ کے جنرل سیکرٹری سردارطالب بشیر پر کسی جانے والی ایف آر بھی فوری طور پر واپس لی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ ریاست ملازمین کو ہر طرح کے تحفظ کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ ملازمین ایک بہترین ماحول میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ اس احتجاجی پروگرام سے صدر اپیکا ضلع پونچھ سردار آصف حنیف، جنرل سیکرٹری سردار طالب بشیر، چیئرمین سردار ارشاد خان، پی ڈبلیو ڈی ورکر یونین کے نائب صدر زبیر گلشن، ندیم بٹ مرکزی سیکرٹری اطلاعات فنی ملازمین، فوڈ ایمپلائز کے مرکزی جنرل سیکرٹری ناظم خان، امجد نعیم، ذرین خان، شفقت حسین، خالد محمود نمائندہ صدر پنشنرز، لوکل کونسل کے امجد نعیم،ٹیچر آرگنائزیشن سے قاری عباس، رہنما آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن عتیق اسلم، سردار خالد محمود پروفیسر ناصر رفیق سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اپنے مطالبات کے حل تک بھرپور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں