مذہبی ہم آہنگی اور امن کے لیے کشمیری عالمی برادری کی توجہ کے منتظر ہیں،صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد( دھرتی نیوز )صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی رواداری اور امن کے لیے کشمیری عوام عالمی برادری کی بھر پور توجہ کے منتظر ہیں۔آزاد کشمیر اس وقت پر امن ترین خطہ ہے جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کو بری طرح پامال کر رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری اور انسانی بنیادوں پر کام کرنے والی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے اور آزادی کشمیر کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں امریکی تنظیم آل نیبرز انٹرنیشنل کے صدر الیاس مسیح، ڈاکٹر جو نائٹ(Dr. Joe Knight)،مائک کرو(Mike Crowe)،لوکس بونٹرگر(Lucas Bontrager)اور دیگرپر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ امن اور انسانیت کے لیے کام کرنے والوں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ ضرور کرنا چاہیے تا کہ وہاں کے عوام کی مشکلات دنیا کے سامنے لائی جا سکیں۔دنیا بھر میں امن کے لیے کام کرنے والوں کے لیے جنوبی ایشیاء کے اندر کشمیر کے عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم کو سامنے لانا چاہیے۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں ظالم اور ظلم سے نفرت کرنے والے امن کے لیے کوشاں ہیں ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ کشمیری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کوششوں کے مستحق ہیں۔وفد کے سربراہ صدر آل نیبرز انٹر نیشنل الیاس مسیح اور ڈاکٹر جو نائٹ نے کہا کہ وہ امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں گے۔طاقت کے استعمال سے مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے ہیں۔ باہم احترام اور برداشت سے ہی بہتر انداز میں آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر جو نائٹ نے اپنی کتاب صدر ریاست کو پیش کی جبکہ وفد کے اراکین کو صدر آزاد کشمیر کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں