مسلم ہنڈز نےپونچھ ڈویژن میں چھ کروڑ روپے لاگت سے پانی کے 244منصوبے مکمل کیے،کنٹری ڈائریکٹر

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاءالنور شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے 60سے زائد اضلاع میں مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہا ہے ، تعلیم ، صحت ، پانی ، ٹیکنیکل ٹریننگ ، یتیموں ، بیواﺅں کی معاونت ، آفات سماوی کے متاثرین کی مدد کے منصوبے زیر کار ہیں اور اس کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جارہا ہے ، اس وقت 200سے زائدتعلیمی اداروں میں چالیس ہزار کے لگ بھگ طلباءو طالبات زیر تعلیم ہیں جن میں سے 80فیصد کے لگ بھگ ایسے غریب ، یتیم ، مستحق طلباءہیں جنہیں مکمل طور پر مفت اور معیاری تعلیم دی جارہی ہے ، پونچھ ڈویژن میں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے 244واٹر ٹینک کمیونٹی کیلئے تعمیر کئے گئے جس سے ہزاروں لوگ مستفید ہو رہے ہیں ، راولاکوٹ سمیت مختلف اضلاع میں سکول آف ایکسی لینس کے نام پر معیاری تعلیمی ادارے قائم کئے گئے ہیں ، یہ بات انہوں نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر معروف مذہبی سکالر ، ماہرتعلیم پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس ،مسلم ہینڈز کے ایریا منیجر سردار افتخار انقلابی ، سردار شفیق رضا اور دیگر بھی موجود تھے ، غازی ملت پریس کلب کے صدر راشد نذیر نے استقبالیہ خطاب میں ان کا شکریہ ادا کیا ، سید ضیاءالنور شاہ نے کہا کہ آزادکشمیر میں بیوہ اور مطلقہ خواتین کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ایک ایسا فلاحی مرکز بنانا چاہتے ہیںجہاں انہیں تعلیم و تربیت کے ساتھ ہنر مند بھی بنایا جائے گا، مسلم ہینڈز نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ غریب ، بے سہارا ، نادار اور مستحق افراد کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا جائے ، خوشی و غمی کے ہر موقع پر مسلم ہینڈز ایسے لوگوں کے ساتھ کھڑا رہتا ہے ، اور یہ تسلسل جاری رہے گا، پنجاب میں مسلم ہینڈز نے 120ایسے تعلیمی ادارے اپنی تحویل میں لئے جو یاتو بند ہو چکے تھے یہ تباہی کے آخری دہانے پر تھے ، مسلم ہینڈ ز ان اداروں کی عمارات بھی تعمیرکروائی اور بہترین سٹاف تعینات کیا جس کی وجہ یہ تعلیمی ادارے اپنے علاقوں کی پہچان بن چکے ہیں اور لوگوں کو گھروں کی دہلیز پر تعلیمی سہولت بھی میسر ہوئی ہے ، مسلم ہینڈز نے فری آئی کیمپ کا بھی ہمیشہ اہتمام کیا اور اس وقت میرپور ، تراڑکھل، ہجیرہ میں مستقل مراکز قائم کئے گئے اور مستحقین کا تمام علاج معالجہ مفت کیا جاتا ہے ، دیہی علاقہ جات میں لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں جس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں ، مسلم ہینڈز کا سٹاف دوہزار سے زائد ہے جو کہ مختلف اضلاع میں تندہی سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ، اب گلگت بلتستان میں بھی مسلم ہینڈز اپنا نیٹ ورک بنانے کی پلاننگ کر رہا ہے اور جلد ہی اس ضمن میں فیصلہ کر لیا جائے گا ، کھیلوں کے فروغ کیلئے میرپور میں عالمی طرز کی کرکٹ اکیڈمی قائم کی گئی ہے جہاں بچے تربیت حاصل کررہے ہیں اور لاہور قلندر کے معروف سپیڈ سٹاف زمان خان بھی مسلم ہینڈز کی اکیڈمی سے تربیت یافتہ ہیں وہ ان شاءاللہ جلد قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے ، اب راولاکوٹ ہاکس کے تعاون سے راولاکوٹ میں بھی کرکٹ اکیڈمی بنائی جارہی ہے جس سے یہاں کے کھلاڑی مستفید ہوں گے اور آگے بڑھ کر علاقہ کا نام روشن کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ کے پی ایل سیزن ون کی فاتح ٹیم راولاکو ٹ ہاکس کی ٹیم ٹرافی کے ساتھ دو یا تین اگست کو راولاکوٹ پہنچ رہی ہے ، اس لئے تمام مکاتب فکر کے لوگ ان کا بھرپور استقبال کریں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں