مسلم ہینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاء النور شاہ کا دورہ راولاکوٹ،منصوبوں کا معائنہ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کنٹری ڈائریکٹرسید ضیاء النور شاہ نے پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹ سمیت ”واش“ کے مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا، ان منصوبہ جات سے روزانہ ڈیڑھ ہزار کے لگ بھگ افراد مستفید ہو رہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر ایچ آرپونچھ میڈیکل کالج ڈاکٹر محمد شبیر خان سے بھی ملاقات کی، بعد ازاں انہوں نے پھاپھڑیلہ کا دورہ بھی کیا، کمیونٹی ممبران سے ملاقاتیں کیں اور تیس گھرانوں کیلئے واٹر سپلائی اسکیم کا اعلان بھی کیا، قبل ازیں انہوں نے مسلم ہینڈ ز سکول آف ایکسی لینس کا تفصیلی دورہ کیا، مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طلبہ و طالبات، سٹاف ممبران سے بات چیت کی، سکول پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز انٹرنیشنل نے ہمیشہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو آسانیاں فراہم کرنے کے اقدامات کئے، اس وقت آزادکشمیر سمیت دنیا کے کئی ممالک میں مسلم ہینڈز اپنی خدمات انجام دے رہا ہے، مسلم ہینڈز کی پوری ٹیم نے جس قدر محنت و تندہی سے ان منصوبہ جات پر خلوص دل سے کام کیا اس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں، سکول آف ایکسی لینس مسلم ہینڈز کا ایسا منصوبہ ہے جہاں یتیم بچوں کی تمام تعلیمی ضروریات پوری کی جاتی ہیں، اس کے علاوہ لوگوں کو ہنرمند بنا کر انہیں پاؤں پر بھی کھڑا کیا اور آج ایسے لوگ باعزت روزگار سے منسلک ہیں، مسلم ہینڈز نے ہر مشکل مرحلہ پر غریب، مساکین، مستحقین کی بھرپور معاونت کی اور یہ تسلسل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اس دوران مسلم ہینڈز کے ریجنل منیجر سردا ر افتخار انقلابی، محمد شفیق رضا اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں