مہنگائی کا طوفان،آل آزادکشمیر انجمن تاجران نے پونچھ ڈویژن کا اجلاس طلب کر لیا

مہنگائی کا طوفان،آل آزادکشمیر انجمن تاجران نے پونچھ ڈویژن کا اجلاس طلب کر لیا
راولاکوٹ (دھرتی نیوز) آل آزادکشمیر انجمن تاجران کے مرکزی صدر سردار افتخارفیروز نے غیر اعلانیہ اور جبری لوڈ شیڈنگ،بے تحاشہ مہنگائی، بجلی کے بلات میں بے جا ٹیکسز، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سمیت دیگر مسائل کے حوالہ سے پونچھ ڈویژن کے تمام اضلاع کے انجمن تاجران کے صدور کا ایک اجلاس (آج) راولاکوٹ میں طلب کر لیاہے جس میں ان تمام مسائل کے پیش نظر باہمی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں پونچھ ڈویژن کے تمام اضلاع سے انجمن تاجران کے صدور مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بے جا ٹیکسز سمیت درپیش مسائل پر اپنی اپنی تجاویز پیش کریں گے جن کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ سردار افتخار فیروز نے اپنے شدید ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہیکہ بجلی کی آنکھ مچولی نے تاجران سمیت عام لوگوں کا جینا دو بھر کرکے رکھ دیا ہے، لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ ہم نے متعدد بار اس حوالہ سے متعلقہ حکام پر زور دیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ یہ روش ترک کی جائے ورنہ ہم ایک بڑے احتجاج پر جانے کی طرف مجبور ہوں گے لیکن بارہا باور کروانے کے باوجود بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ہم مجبور ہو چکے ہیں کہ اب اس سلسلہ کے خلاف مزاحمت کیلئے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک غریب تاجر ان مسائل میں نہ صرف بری طرح پس رہا ہے بلکہ دووقت کی روٹی بھی کمانے سے مکمل طور پر قاصر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور ذمہ داران کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی جو کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے لہذا آج ہم اپنی میٹنگ کے بعد مشاورت کے ذریعے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے اور جب تک یہ مسائل حل نہیں ہو تے کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں