میرپور ، چیف الیکشن کمشنر کا دورہ میرپور،انتظامات کا جائزہ لیا

میرپور (دھرتی نیوز) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے ڈویژن میرپور میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بنائے گے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور ڈویژن بھر میں صاف وشفاف،منصفانہ اور پرامن انعقاد کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی۔کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت علی اور ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد محمود چوہان نے انھیں مجموعی طور پر ڈویژن کے تینوں اضلاع سے متعلق جملہ انتظامات اور سیکورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ اس موقع پرڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم،الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود،اسسٹنٹ الیکشن کمشنر عثمان منیر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد محمود جرال،ایس ایس پی بھمبر راجہ محمد اکمل،ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری حق نواز اور ایس ایس پی کوٹلی ریاض مغل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اپنے اضلاع کے متعلق سیکورٹی کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر عبدالرشید سلہریا نے ڈویژن میرپور میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے کیے گے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے سلسلہ میں الیکشن ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کروائی جائے۔ضابطہ اخلاق کے مغائر کسی قسم کی خلاف ورزی کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے ہدایت کی کہ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ ایجنٹ کے علاوہ کسی غیر متعلقہ افراد کو وزٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ووٹر حضرات اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے اندر دوبارہ نہیں جاسکے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں