میرپور میں ڈرائی پورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا،منصوبہ پر 81 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی

میرپور (پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار محمد تنویر الیاس خان نے میرپور ڈرائی پورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس منصوبہ پر 81 کروڑ 58 لاکھ 64 ہزار روپے کی لاگت آئے گی۔ ڈرائی پورٹ کا رقبہ 100 کنال پر مشتمل ہے جو ایک سال میں مکمل ہوگا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں آزاد کشمیر کے وزراء حکومت عبد الماجد خان،چوہدری ارشد حسین،چوہدری یاسر سلطان،چوہدری اظہر صادق،،اکبر ابراہیم،محترمہ تقدس گیلانی،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ،چیئرمین سی بی آر فہیم احمد عباسی،سیکرٹریز حکومت،چیئرمین عملدرامد و معائنہ کمیشن راجہ منصور،پی ٹی آئی راہنما قاضی اسرائیل،سید وارث گیلانی،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ممبران،صنعتکاروں سمیت ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ یہ منصوبہ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان اور تحریک انصاف کی حکومت کا شاندار تاریخی منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے میر پور سے اندرون ملک اور بیرون ممالک تجارت آسان ہوگئی اور آزاد کشمیر کے قومی خزانے میں ڈرائی پورٹ کے قیام سے اربوں روپے کی سالانہ آمدن ہوگی۔ ٹیکس اہداف کی مد میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگا۔دوسال کے اندر میر پورڈرائی پورٹ کی وجہ سے آزادکشمیر کے خزانے میں ایک اندازے کے مطابق بڑی آمدن ہوگی۔یہ منصوبہ آزادکشمیر کی آنے والی نسلوں کے لیے مفید اور منافع بخش ہونے کے ساتھ ساتھ حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں