واشنگٹن،پاکستانی سفیرمسعود خان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات،دو طرفہ تعلقات پر بات چیت

واشنگٹن(پی آئی ڈی،دھرتی نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے آج یہاں سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جیک ریڈ سے سینیٹ ہارٹ بلڈنگ میں ملاقات کی۔ سینیٹر جیک ریڈ گزشتہ دو دہائیوں سے سینیٹ میں کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔وہ موجودہ وقت آرمڈ سروسز کمیٹی کی قیادت کرتے ہیں اور انٹیلی جنس، اپروپریشنز اور بینکنگ کمیٹیوں کے رکن ہیں۔ ماضی میں وہ کئی بار پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ مسعود خان نے سینیٹر کو علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال سمیت پڑوس میں استحکام اور خوشحالی کے حالات پیدا کرنے کی تازہ ترین کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ مسعود خان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام اور ترقی پاکستان کی اولین ترجیحات ہیں۔پاکستان اور امریکہ دونوں فریق سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ وسیع البنیاد تعلقات کو تقویت دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ نے ماضی میں قریبی دفاعی تعاون سے فائدہ اٹھایاہے اور وہ اپنے موجودہ سکیورٹی بانڈز پر استوار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے زیر استعمال بہت سے دفاعی پلیٹ فارم امریکی ہیں جنہیں مستقل حمایت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی راہیں بھی تلاش کی جا سکتی ہیں۔ ”ہماری مسلح افواج ماضی میں مربوط رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔ سینیٹر نے پاکستانی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات بڑھتے رہیں گے کیونکہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمڈ سروسز کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ سفیر نے سینیٹر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں