وزیراعظم آزاد حکومت کا سیلاب زدگان کے لیے3 کروڑ روپے کا عطیہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے سیلاب زدگان کے لیے اپنی طرف سے 3 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود مشکل وقت میں قومی فریضہ سمجھ کر بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لیے 25 کروڑ روپے کی امداد مہیا کی ہے۔ حالیہ بارشوں کیوجہ سے آزاد کشمیر میں بھی اربوں روپوں کا نقصان ہوا ہے جبکہ وفاقی حکومت بجٹ پر کٹ لگا کر حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی فنڈ ریزنگ ٹیلی تھون کے موقع پر وزراء اعلیٰ کے ہمراہ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاکستان میں چیریٹی کے استعمال اور اس میں شفافیت کا جو نظام دیا ہے اسکی کسی اور جگہ مثال نہیں ملتی۔ احساس پروگرام کی شفافیت کی بھی دنیا میں مثال دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے جو طوفان آیا اس میں آزادکشمیر میں بھی بہت نقصانات ہوئے۔ اربوں روپوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا۔حکومت آزادکشمیر کے پاس چونکہ اتنے وسائل نہیں لیکن ہمارے وزیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور میں نے آزاد کشمیر کی سب سے بڑی این جی او کو موبیلائز کیا اور پچیس کروڑ کا پیکج جس میں دس کروڑ کیش اور پندرہ کروڑ کا سامان بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کیلیے بھجوایا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بلوچستان میں موجود ہے جبکہ عوام الناس سے بھی اس مشکل وقت میں اپنا کردار ادل کرنے کی اپیل کی جس کے نتیجے میں آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والی سماجی تنظیموں اور اوورسیز کشمیریوں نے بھی بھرپور سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں،میں نے وفاقی حکومت کیجانب سے سیلاب زدگان کے لئے بلائے گئے اجلاس کا بائیکاٹ کیا کیونکہ وفاقی حکومت ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کر رہی ہے ۔ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی کی طرف دیکھ کر سوچتے ہیں کہ ہمیں پنجاب کی طرف سے ہمدردی ملے گی۔ وفاقی حکومت نے ہمیں پینشن کے پیسے،ڈیسپریٹی الاؤنس اور انکریمنٹ کے پیسے نہیں دیئے۔دو مہینے کے بعد مفتاح اسماعیل نے ہمیں لیٹر بھیجا کہ آپ اپنے وسائل سے دیں، دو ماہ سے جنکو پینشن نہیں ملی وہ کدھر جائیں گے۔ ہم نے اپنے وسائل سے پنشن کے پیسے ریلیز کیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں آزادکشمیر میں نقصانات سے نمٹنے کیلیے وفاقی حکومت کی کوئی مدد حاصل نہیں، نیلم اور دیگر جہگوں پہ کلاوڈ برسٹ سے بہت نقصان ہوا ہے، آزاد کشمیر حکومت کے پاس نہ تو اتنی مشینری ہے نہ وسائل ہیں لیکن چونکہ وہاں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے اس لیے میں اس پروگرام میں اپنی زاتی حثیت میں سیلاب زدگان کیلیے 3 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ ہمیں بطور قوم اس مشکل سے مل کر لڑنا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو کہا کہ اللہ تعالی آپ کو اس کا اجر بھی دیں گے۔ملک و قوم کو جب بھی اس طرح کی آفت اور مشکل پیش آئی آپ آگے بڑھے اور فرنٹ سے لیڈ کیا۔عوام نے آپ پر ہمیشہ ہی یقین کیا ہے کیونکہ عوام جانتی ہے کہ آپ نے انکے فنڈز کا کبھی بھی غلط استعمال نہیں کیا اور نہ آئندہ ہوگا۔ پاکستان میں جب بھی سانحہ ہوا آپ ہمیشہ اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہوئے۔
٭٭٭٭٭

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں