پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں پٹرول پمپس 18 جولائی سے بند کرنے کا فیصلہ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) پاکستان کی طرح آزاد کشمیر بھر میں بھی پیر 18 جولائی سےپٹرول اور ڈیزل کی سپلائی غیر معینہ مدت کے لیے بند رہے گی۔پاکستان کے بعض شہروں میں جہاں تیل سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے اپنے پٹرول پمپ ہیں وہاں ترسیل بحال رکھی جائے گی لیکن آزاد کشمیر میں چونکہ ان کمپنیوں کا اپنا کوئی سیٹ آپ نہیں ہے اس لیے یہاں سپلائی مکمل طور پربند رہے گی۔ آزاد کشمیر پٹرولیم ایسوسی ایشن کے صدر سردار شازیب شبیر نے “دھرتی”کو بتایا کہ ایمرجنسی سروس بحال رہے گی، یعنی کسی بھی ایمبولینس سروس کو پٹرول دینے سے منع نہیں کیا جائے گا تاہم پٹرول پمپ 18 جولائی کو صبح 6بجے سے مکمل طور پر بند رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ جون میں اس کاروبار سے وابستہ ڈیلرز کا مارجن 6فیصد کیا جائے گا لیکن ایسا نہ کیا گیا لہذا موجودہ حالات میں اس کاروبار کو آگے نہیں چلایا جا سکتا ۔ لہذا ہماری تنظیم نے باہمی مشاورت سے پاکستان کی مرکزی تنظیم کی حمایت میں یہ فیصلہ کیا ہے اور ہماری ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حکومت ہمارے مطالبات پورے نہیں کرتی۔ واضح رہے کہ تین دن پہلے ہی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ تیل کی ترسیل بند ہونے سے روزمرہ زندگی پر بری طرح اثر پڑے گا۔ تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر سمیت پبلک سروس گاڑیاں سب سے زیادہ متاثر ہوں گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں