پاکستان میں منشیات کنٹرول بل 2022 کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منشیات کنٹرول بل 2022 کی منظوری دے دی، جس میں غیرقانونی منشیات سے متعلق جرائم کیلئے موت یا عمر قید کی سزا تجویز کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت منشیات کنٹرول (ترمیمی)بل 2022 کی منظوری دیدی جس کے تحت غیرقانونی منشیات سے متعلق جرائم کیلئے موت یا عمر قید کی سزا تجویز کی گئی ہے، سزائیں ہیروئن، مورفین، کوکین اور آئس سمیت مختلف مقدار کی نشہ آور ادویات اور منشیات پر دی جائیں گی۔صدر مملکت کی منظوری کے بعد یہ بل منشیات کنٹرول(ترمیمی)ایکٹ 2022 کی شکل اختیار کر گیا جس کے روشنی میں ہیروئن یا مورفین کی 4 کلو گرام یا زائد مقدار کے جرائم پر 20 سال سے زائد قید اور 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ ہوگا۔ہیروئن یا مورفین کی 6 کلوگرام یا زائد مقدار کے جرائم پر سزائے موت یا 15 سے 20 لاکھ روپے کے جرمانے کے ساتھ عمر قید کی سزا ہوگی جب کہ 5 کلو یا زائد کوکین کے جرم میں سزائے موت یا 20 سال سے زائد قید کے ساتھ 25 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ ہوگا۔ترمیمی ایکٹ کے مطابق آئس کی 4 کلوگرام یا زائد مقدار کے جرائم پر سزائے موت یا 25 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کے ساتھ عمر قید کی سزا ہوگی اور اگر جرم کسی اسکول، کالج، یونیورسٹی، یا تعلیمی ادارے کے اندر یا قریب سرزد ہوا تو اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا ہوگی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں