پروفیسر تقدیس گیلانی کی کوہالہ ہائیڈ رو پاور پراجیکٹ کے سی ای او سے ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال

مظفرآباد( پی آئی ڈی)حکومت آزادکشمیر کی فوکل پرسن برائے کوہالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ و ٹاسک فورس برائے انرجی اینڈ واٹر ریسورسزوترجمان وزیراعظم آزادکشمیر پروفیسر تقدیس گیلانی کی کوہالہ ہائیڈ رو پاور پراجیکٹ کے سی ای او مسٹر لی زنگ سے ملاقات۔ملاقات میں کوہالہ ہائیڈرو پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے ، زمین کے حصول اور متاثرین کے معاوضہ جات کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے سی ای او کوہالہ پراجیکٹ مسٹر لی زنگ کو حکومت ٓزادکشمیر کی طرف سے یقین دلایا کہ حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر کے کام شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مسٹر لی زنگ نے کہاکہ خوشی ہے کہ اس اہم نوعیت کے پراجیکٹ کیلئے حکومت آزادکشمیر نے خصوصی فوکل پرسن مقرر کیا تاکہ معاملات جلد یکسو ہو کر کام کا آغاز ہو ۔ کوہالہ پراجیکٹ یہاں کے لوگوں کیلئے گیم چینجز اور لائف لائن ثابت ہوگا،وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان کی جانب سے کوہالہ پراجیکٹ کے حوالہ سے اقدامات حکومت آزادکشمیر کی سنجیدگی کا عکاس ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین میں بھی کوہالہ پراجیکٹ کو ایجنڈے میں شامل کروایا جارہا ہے ۔ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے سی ای او نے فوکل پرسن حکومت آزادکشمیر برائے انرجی اینڈ واٹر ریسورسز پروفیسر تقدیس گیلانی کو انکی کمپنی کی جانب سے تعمیر کیے گئے کیروٹ ہائیڈروپا ور پراجیکٹ کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فوکل پرسن حکومت آزادکشمیر برائے کوہالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر کوہالہ پراجیکٹ پر کام کے آغاز کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہے ہیں ،وزیراعظم نے مجھے خصوصی ٹاسک دیا ہے کہ اس اہم نوعیت کے قومی منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کے آغاز سے ہزاروں ملازمتیں ہمارے لوگوں کو انکی دہلیز پر میسر آئیں گی ، ٹیکنیکل سٹاف کے علاوہ تمام مقامی لوگوں کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ کوہالہ پراجیکٹ کے متاثرین کو معاوضہ جات کی ادائیگی سمیت ان کے بچوں کو سکالرشپس دی جائیں گی ۔ وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس حوالہ سے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، کوہالہ پراجیکٹ میں واٹر باڈیز بنائی جائیں گی جہاں واٹر سپورٹس کا آغاز کیا جائے گا جس سے سیاحت کے ساتھ ساتھ کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں