پیپلزرائٹس فورم پونچھ کے زیر اہتمام راولاکوٹ میں دیا گیا احتجاجی دھرنا ختم

راولاکوٹ (دھرتی نیوز)آل پارٹیز پیپلز رائٹس فورم پونچھ کے زیر اہتمام احاطہ کچہری میں دیا گیا دھرنا دو ماہ کیلئے موخر کردیا گیا، یہ دھرنا دو ہفتوں تک جاری رہا،کچھ عرصہ قبل مختلف نظریات کی حامل جماعتوں پر مشتمل ایک فورم تشکیل دیا گیا تھا جس نے حکومت سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ آزادکشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، پندرہویں ترمیم، ٹورازم ایکٹ کو منظور کرنے سے گریز کیا جائے،بجلی کے بلات میں ٹیکسز،ججز، پارلیمنٹیرینز،لینٹ افسران کی مراعات کاخاتمہ کیا جائے،دوران احتجاج گرفتار کئے گئے اسیران کو رہا کیا جائے اور آٹا پر سبسڈی بحال کی جائے، اس احتجاجی کیمپ کے دوران پونچھ ڈویژن میں تاجران شٹرڈاؤن اور ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام ہڑتال کی کال بھی جس پر مقررہ تاریخوں پر شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی، فورم سے مذاکرات کیلئے ایک حکومتی کمیٹی تقریباً دو ہفتے قبل راولاکوٹ آئی تھی اور مذاکرات کا پہلا دور ناکام ہو گیا تھا، بعد ازاں اسلام آباد میں منعقدہ ایک آل پارٹیز کانفرنس کے دوران وزیر اعظم آزادکشمیر نے گرفتار افراد کی رہائی اور مقدمات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعدوزرائے حکومت سردار میر اکبر اور سردار فہیم اختر ربانی پر مشتمل دورکنی حکومتی نے راولاکوٹ میں آکر فورم سے مذاکرات کئے اور دونوں فریقین کے مابین ایک تحریری معاہدہ طے پایا جس پر عمل درآمد ہونے کے بعد گزشتہ روز بد ھ کو تمام اسیران کی رہائی کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا، اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے صدر سردار زاہد رفیق نے کہا کہ اگر کئے گئے معاہدہ کے تحت دو ماہ کے اندر عمل درآمد نہ ہوا تو پھر اسی جگہ پر دھرنا دیں گے، اب عوام بیدار ہو چکے ہیں اور اپنے حقوق کیلئے کمر بستہ ہیں، گزشتہ روز ضلع پونچھ میں دوران احتجاج جن افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے ان تمام افراد کو رہا کردیا گیا، تمام ضروری لوازمات پورے کرنے کے بعد سات اسیران کو رہا کیا گیا،واضح رہے کہ لوڈ شیڈنگ، ٹیکسز اور دیگر مطالبات کو لیکر احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے ان پر سڑکوں کی بندش، املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر الزامات عائد تھے، کل 27افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے تھے جن میں سے 24گرفتار ہوئے تھے، گرفتار ایک فرد کو کوٹلی منتقل کیا گیا تھا، جن میں سے سولہ افراد کو پہلے ہی رہا کیا جاچکا تھا اور گزشتہ روز ورکنگ ڈے میں دیگر اسیران کو بھی رہا کردیا گیا، انہیں ایک جلوس کی شکل میں احاطہ کچہری میں پیپلزرائٹس فورم کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنا میں لایا گیا، جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں