پی جی سی کالج راولاکوٹ(کھڑک) مٰیں یوم اقبال کی تقریب ،طالبات میں مقابلہ جات

راولاکوٹ(دھرتی نیوز)شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پرسردار بہادر علی خان گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کھڑک راولاکوٹ میں یوم اقبال کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر پروفیسر محمد صغیر خان (پرنسپل ماڈل سائنس کالج راولاکوٹ)تھے۔تقریب میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے حوالے سے مختلف مقابلہ جات جن میں بیت بازی،کوئنز اورکلام اقبال کے مقابلہ جات شامل تھے کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں کیپٹن حسین خان شہید گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ بوائز کالج راولاکوٹ،سردار بہادر علی خان گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کھڑک راولاکوٹ اور گورنمنٹ انٹر سائنس کالج ریڑھ بن کی طالبات نے حصہ لیا، بیت بازی میں کیپٹن حسین خان شہید گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ بوائز کالج راولاکوٹ نے فتح یاب قرار پاتے ہوئے ٹرافی جیتی اور سردار بہادر علی خان گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کھڑک راولاکوٹ نے کوئز مقابلہ جیت کر ٹرافی لی۔ کلام اقبال میں گورنمنٹ انٹر سائنس کالج ریڑھ بن سے لائبہ سلیم اورشمسہ عادل نے اول، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کھڑک سے ضوفشاں نے دوم اور گورنمنٹ گرلز انٹر کالج دریک سے عائزہ عظیم نے سوم پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر ایک کالج کی طالبات نے علامہ اقبال کی مشہور نظم ”ابلیس کی مجلس شوریٰ“ کو ڈرامہ کی صورت پیش کرکے طالبات میں اقبال کے نظریہ سیاست کی بھرپور عکاسی کی اور اپنی خوبصورت اداکاری سے حاضرین محفل کے دل موہ لئے۔”کلام اقبال“ کے مقابلہ جات میں ججز کے فرائض ڈاکٹر عبدالرحمان (ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ اسلامک سٹڈیز پونچھ یونیورسٹی) اور محمد عدنان (ایم بی اے فنانس، سابق ڈائریکٹر آغوش الخدمت فاؤنڈیشن راولاکوٹ) نے سر انجام دئیے۔تقریب سے مہمان خصوصی ڈاکٹر پروفیسر محمد صغیر خان،کالج کی پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر عظمیٰ بیگم،وائس پرنسپل ایسوسی ایٹ پروفیسر غلام شہناز،پروفیسر عائشہ یوسف (شعبہ اردو) نے خطاب کیا۔اسسٹنٹ پروفیسر افشاں طاہر نے اسٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری نبھائی جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر ناعمہ میر اکبر نے کوئز کے مقابلہ جات میں میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے۔پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر عظمیٰ بیگم نے ابتدائی کلمات میں پروگرام کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں اور ان تمام احباب خصوصا دیگر کالجز سے آنے والے اسٹاف ممبران اور طالبات کا شکریہ ادا کیا۔وائس پرنسپل ایسوسی ایٹ پروفیسر غلام شہناز نے اقبال کی شخصیت کے حولے سے مقالہ پڑھا اور اقبال کی شخصیت کے مختلف پہلو کو اجاگر کیا۔پروفیسر عائشہ یوسف (شعبہ اردو) نے اپنے خطاب میں یوم اقبال کی اہمیت پر بات کی اور کہا کہ اقبال کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ہمیں اقبال کی تصانیف اور خود علامہ اقبال پر لکھے گے مواد کا مطالعہ کرنا ہو گا۔انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر مطالعے کا شوق پیدا کریں۔مہمان خصوصی ڈاکٹر پروفیسر محمد صغیر خان نے اپنے خطاب میں ”علامہ اقبال اور کشمیر“ کے حوالے سے اقبال کی کشمیر سے محبت اور کشمیر پر ان کی شاعری پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ اقبال کی شخصیت کو سمجھنے کیلئے ان کی مختلف موضوعات پر لکھی گئی شاعری کا مطالعہ بے حد ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو کشمیر سے بے پناہ محبت تھی اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ خود کشمیریوں کو خود بھی علامہ اقبال سے انسیت تھی کہ شیخ عبداللہ نے ان کا پورا کلام زبانی یاد کر رکھا تھا، انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت پر کشمیر کے اندر جس قدر کام کیا گیا اس کی مثال کم ملتی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں