پی ٹی آئی میں ہی رہوں گا،لوٹوں کا پیچھا کریں گے، تنویر الیاس

اسلام آبا(دھرتی نیوز)سابق وزیراعظم و سابق صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ اقتدار کی کرسی آنی جانی چیز ہے۔ ہمیشہ باوقار اور اصولوں کی سیاست کی ہے ، اقتدار میں میرا جرم جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی بات کرنا ، عام عوام اور پسے ہوئے طبقے کیلئے آواز اٹھانا اور اقدامات کرنا تھا۔وہ جمعرات کی رات پونچھ ڈویژن سے منتخب ہونے والے کونسلرز و پی ٹی آئی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔سردار تنویرالیاس خان نے کہا کہ کسی دوسری جماعت میں شامل ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا پی ٹی آئی ہماری جماعت اور عمران خان ہماری قیادت ہیں۔سردار عبدالقیوم نیازی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر بننے پہ مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم نے مل کر چلنا ہے اور لوٹوں کا محاسبہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ
میں نے خان صاحب سے کہا پہلی جماعت میری تحریک انصاف ہے ۔اپنے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔ پارٹی صدارت یا وزارت اعظمی نہیں ہم ایک نظریے اور اصول کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔انہوں نےکہا کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم اقتدار اور پارٹی صدارت جانے کے بعد بھی ریاستی سیاست کے اندر ایک حقیقت بن چکے ہیں کیونکہ ہم نظریہ اور کمٹمنٹ رکھتے ہیں۔ اقتدار جانے سے ہماری سیاسی تحریک نہیں رکے گی۔پارلیمانی پارٹی اجلاس میں چئیرمین عمران خان کو کہا تھا کہ مجھے بہت پارٹیوں سے آفرز آئیں لیکن تحریک انصاف ہماری جماعت ہے اگر تحریک انصاف میں سیاست نہ کی اس دن قومی سطح کی اپنی جماعت بنا لوں گا لیکن کسی دوسری جماعت میں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ریاستیں اور حکومتیں عوام کی ہوتی ہیں۔ میں نے وزیراعظم بن کر عوام کیساتھ اپنے رویوں میں تبدیلی نہ لائی۔ اسمبلی میں ہمیشہ عام عوام کی بات کی پسے ہوئے طبقے کی بات کی اور خاص کر جموں کشمیر کی آزادی کی تحریک کی بات کی۔بلاشبہ یاسین ملک فریڈم فائٹر ہے بیشک ہم انکے سیاسی نظریے سے اختلاف کرتے ہوں۔ سید علی گیلانی نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنی پوری زندگی دی۔ میر واعظ عمر فاروق ،آسیہ اندرابی اور ان جیسے لوگ تحریک آزادی میں ہمارے لیے روشنی کے مینار ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم ملک اور ریاست کو اس طرح روندنے نہیں دیں گے۔ ہمارے جھنڈے ہمارے عزم کی نشانی ہے ، یہ جھنڈا تھام کر رکھیں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کشمیری بزدل نہیں بلکہ دلیر لوگ ہیں جو 75سال سے بھارت جیسے دشمن کے خلاف آزادی کیلئے لڑ کر لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو کشمیریوں جیسا ایمان صبر اور جدوجہد نصیب کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھیڑ بکریاں نہیں ہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ انسان ہیں جو اپنا حق مانگ رہے۔ اقوام متحدہ تمام دنیا کے مسایل کیلئے بنایا گیا تھا لیکن وہ ادارہ تنازعہ جموں کشمیر پر خاموش ہے۔ ہندوستان ایک سازش کے تحت جی 20 ممالک کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں منعقد کر رہا اور ہم یہاں کیا کر رہے ، یہ تمام قوم دیکھ رہی ہے۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا۔ ہماری تاریخ کھالیں کھینچوانے سے شروع ہوتی ہے۔ سبز علی خان،ملی خان، راجولی خان کا تاریخ میں اہم کردار ہے کیونکہ انہوں نے غاصب کے خلاف کلمہ حق کہا اور جان کی قربانی دیں لیکن بنیادی اصول اور نظریے سے ںیچھے نہیں ہٹے۔ کیپٹن حسین کا کردار ہمیشہ جرنیلوں والا رہا ہے۔ یہ لوگ ہمارے محسن ہیں ہمارا اسلاف کی یہ تاریخ ہے۔ مہاراجہ بھی کہتا تھا پونچھ غیرت مندوں کی سرزمین ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مملکت پاکستان ہمارے لیے مشیت الہی ہے۔ یہ ملک دنیا کی مظلوم قوموں کیلئے ایک امید ہے لیکن ہماری ناقص پالیسیوں نے ملک کو کمزور کر دیا ہے۔ پاکستان میں مہنگائی حدوں کو کراس کر چکی۔ ڈالر آج 84 افغانی روپے کے برابر اور اور پاکستانی کرنسی میں پونے تین سو روپے کا ہو چکا ۔ ہمیں ڈالر کی غلامی سے نکلنا عو گا۔ پاکستان میں آگے بڑھنے کا پورا پوٹینشل موجود ہے۔ ہم دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہیں۔ میزائل ٹیکنالوجی دنیا میں بہتریت ہے۔چین کیساتھ ملکر ہم نے دنیا کو ہلا دینے والے تھنڈر طیارے بنائے۔ ہم اپنی پالیسیاں درست کریں تو ملک کو آگے لے جا سکتے ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں