چیئر مین ٹیوٹافہیم عباسی کو سی بی آر کااضافی چارج سپرد کرنے پر وزیر خزانہ مستعفی

مظفرآباد (دھرتی نیوز)ریٹائرڈ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس فہیم احمد خان المعروف فہیم عباسی کو چیئر مین ٹیوٹا تعینات کردیا گیا جبکہ انہیں چیئر مین سی بی آر کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا ہے، محکمہ سروسز نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، فہیم احمد خان کو چیئر مین سی بی آر کا اضافی چارج دینے پر آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ اور ان لینڈ ریونیو عبد الماجد خان نے استعفیٰ دے دیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ انہوں نے یہ استعفیٰ چیئر مین سی بی آر کا اضافی چارج فہیم احمد خان کو دینے کے بعد کیا، ان کا موقف ہے کہ اس ضمن میں ان سے مشاورت نہیں کی گئی، واضح رہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی تحریک پر فہیم احمد خان کو چیئر مین ٹیوٹا تعیناتی اور چیئر مین سی بی آر کا اضافی چارج دیا گیا، ادھر قانون ساز اسمبلی میں وزیر قانون فہیم اختر ربانی کی طرف سے سابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر پر حملے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی میں بھی تشویش پائی جاتی ہے اور یہ کہا جارہا ہے کہ عبدالماجد کااستعفیٰ کسی اور تسلسل کی کڑی ہے اور مزید کچھ وزراء بھی استعفے دینے کیلئے مشاورت کر رہے ہیں، قبل ازیں ممبر اسمبلی عاصم شریف نے پارلیمانی سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ کلچر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا، وزیر اعظم آزادکشمیر کے نام لکھے گئے ایک خط میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ پٹرول کی مد میں کمی اور حد مقرر کرنے سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، ابھی تک پٹرول کی مد میں سات لاکھ روپے کی رقم نہیں ملی، اس لئے اس رقم کی ادائیگی کیلئے منظوری دی جائے، ناقدین نے موجودہ حالات کو حکومت کے لئے انتہائی خطرناک اور آنے والے دنوں کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ دوسری جانب عبدالماجد خان کو تحریک عدم اعتماد کا اہم مہرہ تصور کیا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے گزشتہ ادوار ہونے والی عدم اعتماد کی تحریکوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں