چیئر مین پی ڈی اے سردار ارشدنیازی نے استعفیٰ دے دیا

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) چیئر مین پی ڈی اے سردار ارشدنیازی نے حکومتی پالیسیوں سے اختلاف کے باعث اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے اور یہ اعلان کیا ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف جنگ جاری رہے گی جسے ہر قیمت پر جیت کر رہوں گا، بدعنوانیوں میں ملوث افسران اور ملازمین کا قبر تک پیچھا کروں گا، اس علاقہ اور قبیلہ کے خلاف جو سازشیں کی جارہی ہیں انہیں بھی بے نقاب کر کے رہوں گا، بعض عناصر یہاں پر انارکی کی صورت حال پیدا کرکے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں متنبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسی سازشوں سے پیچھے ہٹ جائیں ورنہ ان کے لئے زمین تنگ کردی جائے گی،اس خطہ کی خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو مستقبل میں اس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ فوری اس صورت حال کا نوٹس لیں اور اس خطہ اور قبیلہ کو بچائیں کیونکہ موجودہ وزیر اعظم ان لوگوں پر غداری کے الزامات عائد کر رہے ہیں جنہوں نے قربانیاں دے کر اس خطہ کو آزاد کروایا، ہمارے بزرگوں نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور نہ ہی کسی بیرونی سازش کو کامیاب ہونے دیں گے، وہ گزشتہ روز جمعہ غازی ملت پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ ہمارا شجرہ پوچھنے والوں کو جب جواب دیا جاتا ہے تو ہمارے اوپر غداری کے مقدمات قائم کیے جاتے ہیں اس علاقے کو خانہ جنگی میں تبدیل کر دیا گیا،مسلح افواج پاکستان ایٹمی پاکستان اور کشمیر کی محافظ ہے، اس لئے محب وطن لوگ اس خطہ کو بچانے کیلئے آگے بڑھ کردار ادا کریں،ایک درویش صفت وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی نے مجھ پر اعتماد کیا اور چیئر مین پی ڈی اے تعینات کی جس پر ان کا اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور زندگی بھر ان کے احسانات یاد رکھوں گا، میں نے چارج سنبھالتے ہی عمران خان اور پارٹی ویژن کے مطابق کرپشن کے خلاف جنگ کا آغاز کیا اور تمام کرپٹ عناصر میرے خلاف اکھٹے ہوگئے سازشوں کے جال بننا شروع کردئے،آج آپ کو بھی میرے انتخاب پر یقینا فخر ہو گا کہ میں نے کرپٹ لوگوں کی نیندیں حرام کر دی تھیں، انہوں نے کہا کہ پونچھ حق مانگنے والوں پر مقدمات بنائے جارہے ہیں جس سے یہاں بد امنی کی فضا جنم لے رہی ہے، اس سلسلہ میں ایک ماہ قبل آئی جی آزادکشمیر کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا، ہمارے لوگ مسلح افواج پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی ہیں،وزیراعظم میرے قبیلے کے لوگوں کو را کا ایجنٹ بو ل رہے ہیں آرمی چیف مداخلت کریں اگر کوئی غدار ہے تو سامنے لایا جائے اور اسے سرعام سزا دی جائے، یہ خطہ پونچھ کے غیور لوگوں نے خود آزاد کروایا، کچھ عناصر مسلح افواج پاکستان اور مملکت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کر کے نفرتیں پھیلا رہے ہیں اگر ان کا فوری قلع قمع نہ کیا گیا تو حالات انتہائی خراب ہو سکتے ہیں

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں