ڈڈیال ،ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی کے ملزمان گرفتار

ڈڈیال(دھرتی نیوز)میر پور کی تحصیل ڈڈیال کے شہر چھترو میں ایک جیولر سے ایک کروڑ مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہونےوالے 04 ڈاکو گرفتار کر لیےگے۔ گرفتار ڈاکوؤں سے
55 تولے طلاعی زیورات،01 لاکھ 90 ہزار روپے کیش،02موٹرسائیکل اور03 موبائل فون برآمد کیے گے ہیں۔ راجہ عرفان سلیم ایس ایس پی میرپور نے ڈڈیال میں پریس بریفننگ کے دوران بتایا کہ 11اگست 2022ء کو ماجد محمود ولد خالد محمود قوم راجپوت ساکن چھتروہ تحصیل ڈڈیال ضلع میرپور جو چھتروہ بازار میں جیولرز کا کاروبار کرتا ہے کو صبح قریب 08:00 بجے گھر سے دوکان پر جاتے ہوئے راستہ میں چار موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے روکا اور اسلحہ کے زور پر قریبی ویرانےمیں لے جاکر اس کے قبضہ سے ایک کروڑ روپے مالیت کے 55تولے سونے کے زیورات اور 18لاکھ روپے پاکستانی کرنسی چھیننے کے بعد اُسے رسیوں سے باندھ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کو واقعہ کی اطلاع ملنے پر عنصر علی DSPڈڈیال اور عدنان صابر SHOاور عملہ تھانہ ڈڈیال نے فوری طورپر ضلع بھر میں ناکہ بندی کرواکر نامعلوم ڈاکوؤں کی تلاش شروع کی۔ تلاش کے دوران بمقام چھتروہ محلہ ٹکی ڈیم کنارہ سے ملزمان کے زیر استعمال دو ہنڈا موٹرسائیکل برآمد ہوئے جو قبضہ پولیس میں لے کر تفتیش جاری رکھی۔اس دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ دو نامعلوم افراد لانچ کے ذریعہ منگلا ڈیم کے راستے سناٹھہ تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم کی جانب گئے ہیں۔ ملزمان کی ڈڈیال میں موجودگی ٹریس کرنے کے لیے تکنیکی ذرائع بھی استعمال کیے گئے اور اس طرح وقوع میں شامل 04 ڈاکوؤں اور اُن کے 02سہولت کاروں کا سراغ لگالیاگیا۔ گزشتہ روز ملزمان کی علاقہ خیبر پختون خواہ میں موجودگی کی اطلاع ملنے پرعدنان صابر SI/SHO ڈڈیال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مردان میں ریڈ کر کے وقوع میں شامل 03ڈاکو جن میں ۱۔ شہزاد ولد شاجہان قوم پٹھان ساکن چمڈھیری تحصیل وضلع مردان،۲۔ عاقب خان ولد رزاق احمد ۳۔ محمد زبیر ولد عابد حسین اقوام بنگیارہ ساکنان افغان آباد تحصیل دینہ ضلع جہلم کو گرفتار کر لیا۔ مقامی سہولت کاروں میں سے ایک سہولت کار مبشر محبوب ولد طارق محمود قوم جٹ ساکن محلہ خانقاہ چھتروہ تحصیل ڈڈیال کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوران تفتیش ان ڈاکوؤں کے قبضہ سے لوٹے گئے مال میں سے 55 تولے طلاعی زیورات،ایک لاکھ نوے ہزار روپے کیش،تین موبائل فون اور دو ہنڈا 125 موٹرسائیکل برآمد کر لیے ہیں۔ وقوع میں شامل دیگر دو ملزمان ۱۔ حسن بلال ولد منور حسین ساکن میرا تحصیل دینہ ضلع جہلم، ۲۔ زعفران ولد مہربان قوم جٹ ساکن چھتروہ تحصیل ڈڈیال ضلع میرپورکو بھی جلد گرفتارکر کے بقیہ برآمدگی بھی کی جائیگی۔پریس کانفرنس میں ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ میرپور ایک پُر امن خطہ ہے۔ پاکستان کے صوبہ جات سے جرائم پیشہ افراد یہاں آکرسنگین جرائم کے مرتکب ہوتے ہیں۔ ان جرائم پیشہ افراد کو رہائش اور ملازمت مقامی افراد فراہم کرتے ہیں۔ ایکٹ کرایہ داران کے تحت بدوں رجسٹریشن غیر سکونتی فرد کو رہائش دینا جرم ہے۔ اس وقت بھی کثیر تعداد میں غیر سکونتی افراد بدوں رجسٹریشن رہائش پذیر ہیں، ایسے تمام مقامی افراد کو وارننگ دی جاتی ہے کہ تمام غیر رجسٹرڈ افراد جنہیں رہائش، کاروباریا ملازمت دی گئی ہو، کو فوری طور پر مقامی پولیس کے پاس رجسٹر کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتار کیا جائے گا۔ایسے تمام کاروباری حضرات جو کرنسی، جیولری یا دیگر قیمتی اشیاء کا کاروبار کرتے ہیں بھی فوری طور پر سیکورٹی گارڈ رکھیں۔علاقہ میں امن قائم رکھنے اور جرائم پیشہ افراد سے اس خطے کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ مقامی افراد پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ پولیس لوگوں کے جان ومال اور عزت کی محافظ ہے جو کمی وسائل کے باوجود دن رات اپنا فرض نبھا رہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں