کشمیری شناخت کے بغیر مردم شماری پر جے کے ایل ایف کے تحفظات

راولپنڈی (دھرتی نیوز)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے یکم مارچ سے آزاد جموں کشمیر میں شروع ہونے والی مردم شماری پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام کو اپنی ریاستی شناخت اورریاست کی متنازع حیثیت کے اندراج کا حق دینےکا مطالبہ کیا ہے۔سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق راجہ حق نواز خان نے ریاستی شناخت اور اس کی متنازع حیثیت کے اندراج کے بغیرآزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں مردم شماری کے عمل کو شروع کرنے پرگہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی عمل جس سے ریاست کے قومی تشخص کو ٹھیس پہنچ رہی ہو کشمیری عوام کو منظور نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایسے اقدام کو ریاست کے قومی تشخص کی پامالی کے مترادف اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔قائم مقام چیئرمین کے بیان کے مطابق ریاست جموں کشمیر ایک ناقابل تقسیم سیاسی وحدت ہے جس کی سینکڑوں سالوں پر محیط اپنی ایک اعلی، قابل فخر اور منفرد تاریخی قومی شناخت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام ریاست کے باوقار اور عظیم قومی شناخت کے خلاف ایسے کسی بھی اقدام کو ریاست کے قومی تشخص پر حملہ تصور کریں گے جس کا دفاع کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں۔بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے آزاد جموں کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے مردم شماری کے دوران ریاست جموں کشمیر کے قومی تشخص اور ریاست کی متنازع حیثیت کو تا وقت حصول آزادی / حق خودارادیت برقرار رکھنے اور اس کا دفاع کرنے جیسے اقدامات کو اپنا قومی فریضہ سمجھ کر نبھائیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں