کنٹریکٹر ایسوسی ایشن آزادکشمیر نے اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) کنٹریکٹر ایسوسی ایشن آزادکشمیر نے اپنے مطالبات کی عدم منظوری اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی عدم دلچسپی کے باعث مظفرآباد اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے ذمہ داران جن میں صدر ایسوسی ایشن ضلع پونچھ سردار وحید خان، مرکزی جنرل سیکرٹری کنٹریکٹر ایسوسی ایشن سردار جمیل عالم، سردار ظہیر جنت، سردار عبد الجبار خان، قمر جہانگیر اور دیگر ٹھیکیدار کثیر تعداد میں موجود تھے۔ ان رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کو تحریری شکل میں اپنے مطالبات دیئے تھے اور مطالبات کی عدم منظور ی پر 30جون سے تعمیراتی کام بند کرنے کا اعلان کیا تھا، محکمہ نے ہمارے مطالبات پر کوئی شنوائی نہیں کی جس کے بعد 30جون سے تمام تعمیراتی کام بند ہیں اور کو ئی بھی ٹھیکیدار کسی ٹینڈر نگ کا حصہ نہیں بن رہا، گزشتہ چند سالوں میں اور بالخصوص امسال مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے تعمیراتی سامان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ اشیاء کی قیمتیں ایک سو فیصد بڑھ چکی ہیں جس کے باعث کنٹریکٹر مجبور ہیں کہ وہ تعمیراتی کام روک دیں۔کنٹریکٹر ز کے ترقیاتی بل گزشتہ 8ماہ سے ادا نہیں کیے جارہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں کیونکہ اس کی وجہ سے ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں۔محکمہ تعمیرات کنٹریکٹر ز کے بلات ادا کرے اور ایک سال کا کام چھ ماہ میں ان سے لے۔ان رہنماؤں نے کہا کہ تحریری طور پر ہم نے محکمہ کو جن مطالبات سے آگاہ کیا ان پر مذاکرات کیلئے کسی ذمہ دار کو طلب نہیں کیا گیا اور نہ ہی مذاکرات کیے گئے بلکہ ایک جعلی نوٹیفکیشن جاری کیاگیا جس میں ریٹ محض آٹھ فیصد بڑھائے گئے جبکہ مہنگائی 80سے 100فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ محکمہ کی بے حسی کے خلاف کنٹریکٹرز نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جس کے بعد محکمہ پی این ڈی نے تحریر ی طور پر عدالت کو لکھ کر دیا کہ ان کے ریٹ بڑھائے جائیں گے لیکن بعد ازاں صرف لولی پاپ کیلئے محض چند فیصد ریٹ بڑھائے گئے اور مہنگائی کے تناسب سے ریٹ نہیں بڑھائے گئے۔مہنگائی کے تناسب سے کنٹریکٹر ز کو ایڈجسٹ کیاجائے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات کو یکسو نہیں کیاجاتا ہم ہڑتال جاری رکھیں گے اور مطالبات کی منظوری کیلئے کسی بھی شدید احتجاج اور راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے کیونکہ یہ کنٹریکٹرز کا حق ہے جس سے انہیں محروم کیاجارہا ہے۔کنٹریکٹرز کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، کنٹریکٹر ز ایسوسی ایشن کی مرکزی تنظیم کا اجلاس 15,16اگست کو طلب کر لیاگیا ہے جس کے بعد 20یا 22اگست سے مظفر آباد اسمبلی کے سامنے احتجاج دھرنا دیں گے اور یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کنٹریکٹرز کے مطالبات کو پورا نہیں کیاجاتا۔ ان رہنماؤں نے حکومتی ذمہ داران اور محکمہ تعمیرات کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ وہ کنٹریکٹرز کے مسائل پر غور کریں اور دلچسپی کا مظاہرہ کریں تاکہ عوام اور کنٹریکٹرز ترقیاتی کاموں کی بندش سے جس بے چینی کا شکار ہیں اس کا خاتمہ ہوسکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں